خواجہ آصف کے خلاف ہرجانہ کیس‘ عمران سے ویڈیو لنک کے ذریعے جرح
اسلام آباد (وقائع نگار) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عدنان خان کی عدالت میں زیر سماعت عمران خان کی جانب سے لیگی رہنما خواجہ آصف کے خلاف ہرجانہ کیس میں وکلاء کی عمران خان کے بیان پر جرح جاری رہی۔ عمران خان ویڈیولنک کے ذریعے عدالت پیش ہوئے۔ خواجہ آصف کے وکیل کی جانب سے اعتراض کے بعد عدالت نے ویڈیو ولنک کے ذریعے جرح کو ریکارڈ کرنے سے روک دیا‘ جرح کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ 1996 سے شوکت خانم بورڈ کا چیئرمین ہوں اب تک اس کے بعد کوئی چئیرمین نہیں بنا، میں نہیں سمجھتا کہ میری بہن سیکرٹری بورڈ آف گورنر رہی ہیں، راشد علی خان کو میں دوستی کی وجہ سے جانتا ہوں اس کا فنانس میں تجربہ ہے، وکیل نے استفسار کیاکہ بنی گالہ خریدنے میں کیا راشد علی خان آپ کے نمائندہ تھے؟، جس پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ نمائندہ نہیں اس نے بطور دوست یہ ٹرانزیکشن کی تھی، میری سابقہ بیوی کے بھیجے گئے 36 ملین روپے راشد علی خان نے ادا کئے تھے، میں ٹریولنگ کر رہا تھا قسطیں دینا پڑنا تھیں اس لیے اس کو کہا تھا کیونکہ فنانس جانتا تھا، ویڈیو لنک جرح کے ذریعے جرح کے دوران بجلی چلی گئی جس پر عدالت نے عمران خان کے وکیل سے کہاکہ آپ رابطہ کر لیں واٹس ایپ پر آخری سوال کا جواب لے لیتے ہیں؟، جس پر عمران خان کے وکیل نے کہا کہ بنی گالہ میں جیمر لگے ہوتے ہیں رابطے میں تھوڑا ایشو ہے، عدالت نے مزید سماعت7جولائی تک ملتوی کردی۔