ہائیکورٹ میں بلاول کی نااہلی کیلئے درخواست‘ الیکشن کمشن کو 30 دن میں فیصلے کا حکم
لاہور( اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی نااہلی کے لئے متفرق درخواست الیکشن کمیشن کو بجھواتے ہوئے نمٹادی دی، عدالت نے الیکشن کمیشن کو درخواست گزار کی زیر التوا درخواست پر 30 دنوں میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا، عدالت کے روبرو اقتدار حیدر نے درخواست میں نشاندہی کی کہ اس وقت پیپلز پارٹی کے نام سے دو سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہیں، ایک پیپلز پارٹی جس کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری ہیں اور دوسری پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے نام سے رجسٹرڈ ہے، درخواست گزار کے مطابق دوسری پارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا اور اپنی پارٹی چھوڑ کر دوسری پارٹی کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنا الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی ہے۔