شیخوپورہ، گوجرنوالہ، سیالکوٹ،سرگودھا سمیت دیگر شہروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے عوام پریشان، شہری سراپا احتجاج
لاہور+ اسلام آباد+ شیخوپورہ+ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندگان خصوصی) ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 709میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ملک کے مختلف علاقوں میں 16 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ سیالکوٹ، سرگودھا سمیت دیگر شہروںکئی شہروں میں لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے گھروں میں پانی کی قلت ہونے پرشہری سراپا احتجاج بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 191میگاواٹ ہے جبکہ ملک میں بجلی کی کل طلب 27 ہزار 900میگاواٹ ہے۔ اسلام آباد ریجن میں بھی 6 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اس سے زیادہ ہے۔ادھر شیخوپورہ کے پوش ترین علاقہ سول لائن میں رات سوا 8 بجے سے رات سوا 2 بجے تک مسلسل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے عوام کا راتوں کا چین تک غارت ہوکر رہ گیا ہے سخت گرمی میں بزرگ، بچے، خواتین تلملا کر رہ گئے ہیں جبکہ شہر کے دیگر علاقوںمیں بھی 12 گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاریہے جس پر تاجر برادری ،وکلاء ،صحافی ،سماجی تنظیموں کے عہدیداران سراپا احتجاج ہیں۔ گوجرانوالہ میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ شہری و دیہی علاقوں میں مسلسل بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے ۔ کاروباری نظام زندگی بری طرح مفلوج ہو چکا ہے ۔ پیپلز کالونی ، فیصل روڈ ، سلامت پورہ ، غازی پورہ ،رشید کالونی، اصغر کالونی ، ریس کورس روڈ ، باغبانپورہ ، نوشہرہ روڈ ، کھیالی ، کنگنی والا ، شہباز کالونی ، گلشن کالونی ، سیالکوٹ روڈ ، شاہین آباد ، شریف پورہ ، سیٹلائٹ ٹائون سمیت دیگر علاقوں میں بجلی کے وولٹیج میں بھی انتہائی کمی آچکی ہے۔ حکومتی دعووں کے باوجود دو گھنٹے کی بجائے بجلی 12سے14گھنٹے تک غائب رہ رہی ہے ۔