ورلڈ ڈو نر ڈے: گورنر پنجاب کا تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کیلئے خون کا عطیہ
لاہور (نیوزرپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے گورنر ہائوس لاہور میں ورلڈ ڈو نر ڈے کے موقع پرسندس فائونڈیشن کے زیر اہتمام تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کا عطیہ دیا۔ گورنر پنجاب کے علاوہ گورنر ہائوس کے افسران اور ملازمین نے بھی خون کا عطیہ دیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹرز سندس فائونڈیشن خالد عباس ڈار ، سہیل وڑائچ اور صد ر سندس فائو نڈیشن محمد یاسین خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ تھیلیسیمیا میں مبتلا معصوم بچوں کے لیے خون کا عطیہ دینا ایک بہت بڑی نیکی ہے۔اْنہوں نے کہا کہ مصیبت،تکالیف اور جان لیوا بیماریوں میں گھرے ہوئے انسانوں کی خدمت کرنا اور ان کے دکھوں کا مداوا کرنا کسی عبادت سے کم نہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ خون کے عطیے سے ہر سال لاکھوں مریضوں کو نئی زندگیاں ملتی ہیں۔اْنہوں نے کہا کہ صحت مند شخص کے لئے خون عطیہ کرنا بے ضرر ہے جبکہ مریض کے لیے زندگی کی نوید ہے۔