امریکی قونصل جنرل کی پرویز الٰہی ‘ مونس سے ملاقات‘ باہمی امور پر تبادلہ خیال
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے امریکی قونصل جنرل لاہور ولیم کے میکانیولے نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات میں مزید بہتری سمیت پارلیمانی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کا خواہاں اور عملی کوششوں میں عالمی برادری کا شراکت دار ہے، عوام میں تعلیم کا فروغ ہماری حکومت کی اولین ترجیح رہا ہے۔ امریکی قونصل جنرل ولیم میکانیولے نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے مابین خوشگوار تعلقات بڑھانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، ہمارے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، امریکہ پاکستان میں انسانی وسائل کی ترقی خصوصاً تعلیم کے شعبے میں گراں قدر خدمات سر انجام دے رہا ہے۔