• news

ریکارڈ ٹوٹ گئے ڈالر 208روپے کا ہوگیا سٹاک مارکیٹ میں 400پوائنٹس کا اضافہ

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ڈالر کی قدر میں اضافے کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ڈیڑھ روپے اضافے کے ساتھ قیمت 208  روپے ہو گئی ہے۔ دوسری طرف سٹاک مارکیٹ 400 پوائنٹس بڑھ گئی ہے جبکہ سونا 550 روپے تولہ مہنگا ہو گیا ہے۔ انٹربنک میں ڈالر ایک روپیہ 30 پیسے اضافے سے 206 روپے46 پیسے کا ہو گیا ہے۔ یہ انٹربنک میں ڈالر کی بلند ترین قیمت ہے۔ میٹس گلوبل کے ڈائریکٹر سعد بن نصیر نے کہا کہ برآمد کنندگان شرح تبادلہ سے فائدہ اٹھانے کیلئے اپنی کمائی کو ملک میں باہر روک کر رکھے ہوئے ہیں۔ چیئرمین فاریکس ایسوسی ایشن ملک بوستان نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈیل میں تاخیر پاکستانی روپے کی قدر ڈالر کے مقابلے میں روز گھٹا رہی ہے۔ ادھر پاکستان کے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے اخراج کی امیدوں پر بدھ کو پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 400  پوائنٹس اضافہ ہوا۔ پی ایس ایکس کی ویب سائٹ کے مطابق صبح ساڑھے 10 بجے انڈیکس 461 پوائنٹس یا 1.12 فیصد اضافے کے ساتھ 41 ہزار 516 پوائنٹس پر پہنچ گیا  جبکہ گزشتہ روز کاروبار 41 ہزار 55 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ انٹر مارکیٹ سکیورٹیز کے ہیڈ آف ریسرچ رضا جعفری نے چین کی جانب سے مزید مالی معاونت کی یقین دہانی کو مارکیٹ کیلئے مثبت قرار دیا۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 55 روپے اضافے کے بعد ایک تولہ سونا ایک لاکھ 43 ہزار روپے کا ہو گیا ہے۔ دس گرام سونے کا بھائو 470 روپے اضافے سے ایک لاکھ 22 ہزار 600 روپے ہے۔ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی بازار میں سونے کا بھائو 11 ڈالر اضافے سے 1833 ڈالر فی اونس ہو گیا ہے۔
ڈالر/ سٹاک/ سونا

ای پیپر-دی نیشن