• news

مشکل حالات کے باوجود عوام دوست بجٹ آئین غنڈوں کے حوالے نہیں کیا جاسکتا حمزہ 

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے مشکل حالات کے باوجود ٹیکس فری اور عوام دوست پیش کیا ہے۔ بجٹ میں صوبے کے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف دیا گیا ہے۔200ارب روپے کے تاریخی امدادی پیکج کے تحت  10کلو آٹے کا تھیلا اب 490روپے میں دستیاب ہے۔ اس امدادی پیکج کے ساتھ غریب عوام کی سہولت کے لیے 134ارب روپے کے رعایتی پیکج بھی دیا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب، تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں کی پائیدار ترقی کے لئے وسائل میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔  سرکاری ملازمین کو ریلیف ملے گا۔ کم از کم اجرت 20,000 روپے سے بڑھا کر 25,000 روپے ماہانہ کرکے مزدوروں کو ان کا حق دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم جولائی سے پنجاب کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں اور مراکز صحت پر مفت ادویات دی جائیں گی۔ کینسر کے مریضوں کو بھی مفت ادویات ملیں گی۔ آئین اور قانون کے رکھوالوں کو غنڈوں کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔ سب جانتے ہیں کہ ایوان میں غنڈے کس طرح ڈپٹی سپیکر کی طرف لپکے تھے۔ کرپشن کا راگ الاپنے والے 4سال سے مجھ پر ایک پائی کی کرپشن یا منی لانڈرنگ ثابت نہیں کرسکے۔ غیر یقینی صورتحال میں صوبے نہیں چل سکتے۔ پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ  3 ماہ سے چند انا پرست لوگوں کے پیدا کردہ بحران سے گزر رہے ہیں۔ غیر یقینی صورتحال میں صوبے نہیں چل سکتے، 3 دن سے بجٹ نہیں پیش کرسکے۔ اپوزیشن اور سپیکر پنجاب اسمبلی نے صوبے میں تماشا لگایا ہوا ہے اور یہ لوگ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ اسمبلی میں عددی اکثریت ہمیں حاصل ہے۔ 12 کروڑ عوام کے فلاحی بجٹ کو پیش کرنے سے روکنے کیلئے ان لوگوں نے قانون اور آئین سے کھلواڑ کیا۔ آئین اور قانون کے رکھوالوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے دوران وردی میں ملبوس افسروں کو ٹھڈے اور مکے مارے گئے۔
حمزہ 

ای پیپر-دی نیشن