شرقپور: ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے نومولود جاں بحق
شرقپورشریف (نامہ نگار) تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شرقپور میں لیڈی ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت کی وجہ سے نومولود بچہ جان کی بازی ہار گیا۔ ورثا نے نعش ایم ایس کے کمرے کے باہر رکھ کر شدید احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق چک 3 جھوک کا رہائشی اللہ دتہ رات کواپنی اہلیہ کو بچے کی پیدائش کے سلسلہ میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال لے کر گیا۔ شدید تکلیف کے باوجود ڈیوٹی ڈاکٹر نے مبینہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔جس کے بعد مریضہ کی حالت خراب ہونے پر ڈیوٹی پر موجود متعلقہ لیڈی نرس نے فوراً ڈیلیوری کروا دی۔ دیر سے ڈیلیوری کی وجہ سے بچے اور ماں دونوں کی طبیعت خراب ہو گئی تو ڈاکٹرز نے بری الزمہ ہونے کے لیے لاہور ہسپتال ریفر کر دیا۔ جس کی وجہ سے معصوم بچہ راستے میں ہی جان کی بازی ہار گیا۔ بعداذاں بچہ کے لواحقین نے نعش تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال ایم ایس ڈاکٹر سہیل طارق کے کمرے کے باہر رکھ کر شدید احتجاج کیا۔ احتجاج کے دوران بچے کے لواحقین نے کہا ہے کہ ایم ایس ڈاکٹر سہیل طارق سمیت ڈاکٹر کومل اور ڈاکٹر عظمیٰ کی وجہ سے ہمارے بچے کی جان گئی ہے وزیر اعلیٰ پنجاب سے متعلقہ ڈاکٹرز کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ جبکہ ایم ایس تحصیل ہیڈکوارٹر ڈاکٹر سہیل طارق نے بتایا کہ ڈاکٹر کومل اور ڈاکٹر عظمیٰ کی مبینہ غفلت کی وجہ سے معصوم بچہ جان کی بازی ہار گیا۔ ڈاکٹر کومل بچے کی ہلاکت کی ذمہ دار ہے رات کو اپنی نیند خراب نہ کرنے کی وجہ سے ایک زندگی ضائع ہو گئی۔ ایم ایس نے مزید کہا ہے کہ میں ڈاکٹر کومل اور ڈاکٹر عظمیٰ کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لاؤں گا۔