• news

پنجاب: ضمنی انتخابات شفاف ہوں‘ افسر کوئی دباؤ خاطر میں نہ لائیں: چیف الیکشن کمشنر 


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا پنجاب کے 20 حلقوں میں 17 جولائی کو  ہونے والے ضمنی انتخاب کے حوالے سے افسران سے  فون پر رابطہ کیا اور ہدایات جاری کیں۔  چیف الیکشن کمشنر نے افسران کو ہدایات دیں کہ وہ 20 حلقوں میں انتخابات کو صاف شفاف اور غیرجانبدارانہ بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں اورکسی قسم کا دباو خاطر میں نہ لائیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے مز ید کہا کہ الیکشن اور پولنگ کے عمل میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ ڈسٹرک مانیٹرنگ ٹیمیں صورت حال کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ الیکشن کمیشن بھجوائیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز کو چوکنا رہنے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن کا حکم دیا۔ دوسری طرف الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ 240 کراچی میں ضمنی انتخاب کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ تفصیلا ت کے مطا بق تمام پولنگ مٹیریل،بیلٹ پیپرز، پولنگ بیگز اور پولنگ سٹاف کو آج اپنے اپنے پولنگ اسٹیشنز پر مکمل سیکیورٹی کے ساتھ پہنچایا جائے گا۔ سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کی ہدایات پر کراچی اور اسلام آباد میں افسران کنڑول روم سے پولنگ سامان کی ترسیل کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ الیکشن کمشن اسلام آباد میں مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ پولنگ کے حوالے کسی بھی کی شکایت درج ذیل  نمبرز پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ 051-9204402-03۔051-9210837-38فیکس نمبر؛ 051-9204404

ای پیپر-دی نیشن