• news

ساہیوال، وزیرآباد، ظفروال، کمالیہ ، سمبڑیال میںلوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا، تاجر برادری سراپا احتجاج


اسلام آباد+ ساہیوال (آئی این پی+ نمائندگان نوائے وقت+ نامہ نگاران) ملک میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 666 میگاواٹ ہوگیا۔ پاور ڈویژن کے مطابق اس وقت ملک کے مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ جبکہ ساہیوال، وزیرآباد، ظفروال، کمالیہ ، سمبڑیال میںلوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا، گھریلو وکاروباری زندگی متاثر ہو کر رہ گئی، تاجر برادری سراپا احتجاج بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق  پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 234 میگاواٹ ہے تاہم ملک میں بجلی کی کل طلب 27 ہزار 900 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ اسلام آباد ریجن میں بھی 6 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ ساہیوال میں ایک گھنٹہ بجلی بھیج کر دوبارہ بند کردی جاتی ہے۔ گھروں میں موجود مریضوں کا لوڈشیڈنگ کے باعث براحال رہا۔ اس کے علاوہ کاروبار زندگی متاثر ہونے سے تاجر سراپا احتجاج رہے۔ وزیرآباد اور اطراف میں بجلی اور گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ جاری، دن کے بعد ساری ساری رات بجلی غائب رہنے لگی۔ دوسری جانب سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو دوہرے عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔ علاوہ ازیںظفروال، میں بھی کبھی تین گھنٹے تو کبھی دو گھنٹے بجلی چلی جاتی ہے کبھی بجلی آتے ہی چلے جاتی ہے۔ ادھر کمالیہ شہر اور گردونواح 6 سے 8 گھنٹے بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے۔ ادھر سمبڑیال ومضافاتی علاقوں میں شدید گرمی میں وقفے وقفے سے جاری 14 گھنٹوں سے زائد بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر عوام بلبلا اٹھے۔

ای پیپر-دی نیشن