• news

بھارت ، اسرائیل ، امریکہ ، امارات کا نیا اتحاد ’’آئی ٹو یو ٹو ‘‘ قائم 

واشنگٹن (این این آئی‘ نوائے وقت رپورٹ) بھارت، اسرائیل، امریکہ اور یو اے ای پر مشتمل نیا اتحاد آئی ٹو یو ٹو عمل میں لایاگیا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن اگلے ماہ اس نئے گروپ کی مجوزہ ورچوئل سمٹ کی میزبانی کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گروپ کے قیام کا فیصلہ بھارتی وزیر خارجہ کے گزشتہ برس دورہ اسرائیل کے دوران دیگر تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ میٹنگ میں کیا گیا تھا۔ چاروں ملکوں کے اس نئے گروپ آئی ٹو یو ٹو کی پہلی سربراہی کانفرنس جولائی میں امریکی صدر جو بائیڈن کی میزبانی میں ہو گی۔ ایک اعلی امریکی عہدیدار نے بتایا کہ صدر جو بائیڈن 13سے 16جولائی کے درمیان مشرق وسطی کے اپنے دورے کے دوران ایک ورچوئل سربراہی کانفرنس کی میزبانی کریں گے جس میں بھارت‘ اسرائیل‘ امریکہ اور متحدہ عرب امارات کے سربراہان شریک ہونگے۔ جبکہ اجلاس میں غذائی تحفظ کو لاحق خطرات اور دیگر شعبوں میں تعاون پر بات ہوگی۔ امریکی عہدیدار کے مطابق اس گروپ میں آئی ٹو بھارت اور اسرائیل کیلئے اور یو ٹو امریکہ اور  متحدہ عرب امارات کیلئے ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ بھارت صارفین  کی بہت بڑی مارکیٹ ہے۔ ساتھ ہی ساتھ یہ جدید ٹیکنالوجی اور انتہائی مطلوب پراڈکٹس کا تیار کنندہ بھی ہے۔ نیڈ پرائس نے کہا کہ ٹیکنالوجی‘ کاروبار‘ ماحولیات‘ کرونا وباء اور سکیورٹی کے شعبوں میں یہ ممالک مل کر کام کر سکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن