گیمبر اوکاڑہ چھائونی: پولیس چوکی میں شہری جاں بحق‘ تشدد سے ہوا: ورثاء
گیمبر اوکاڑہ چھائونی (نامہ نگار) نواحی گاؤں 51 فائیو ایل کا رہائشی کھیڑا بلوچ چوکی گیمبر میں مبینہ طور پر حرکت قلب بند ہونے سے جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ کی اطلاع پاکر ریسکیو 1122 کے اہلکار بھی موقع پر آئے تاہم بوجوہ واپس چلے گئے۔ متوفی کے ورثاء نے الزام عائد کیا کہ بزرگ کو نہر لوئر باری دوآب کے قریب سے حراست میں لیا گیا جو چوکی گیمبر میں مبینہ تشدد اور پولیس کے خوف سے جاں بحق ہوگیا۔ جبکہ پولیس نے موقف دیا کہ شہری کو حراست میں نہیں لیا گیا۔ شہری کسی پارٹی کے ساتھ بسلسلہ درخواست انکوائری ساتھ آیا تھا جو طبیعت بگڑنے پر جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی تدفین کردی گئی۔ انچارج چوکی گیمبر سب انسپکٹر ملک اظہر نے وقوعہ دبانے کی غرض سے ویڈیو بنانے والے پیشہ ور صحافی سے موبائل کیمرہ چھین لیا جو بعد ازاں صحافیوں کی مداخلت پر ڈیٹا ڈیلیٹ کرکے واپس کردیا۔ اہلیان علاقہ نے آئی جی پنجاب، سپیشل برانچ، ڈی آئی جی، ڈی پی او ساہیوال سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔