بھارت انسانی حقوق کا احترام کرے ، امریکہ : گستاخانہ بیانات کی مذمت
واشنگٹن (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) امریکی محکمہ خارجہ نے بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات کی مذمت کی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ہم بی جے پی کے 2 رہنماؤں کی جانب سے نبی کریمؐ سے متعلق گستاخانہ بیانات کی مذمت کرتے ہیں۔ ہمیں توقع ہے کہ بھارت کی حکومت انسانی حقوق کا احترام کرے گی۔ امریکا اس سلسلے میں بھارت کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ انسانی وقار، مساوی مواقع او ر آزادی مذہب کا احترام کیا جانا چاہئے۔ کسی بھی جمہوریت میں یہ اقدار بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خوشی ہوئی کہ پارٹی نے عوامی طور پر ان تبصروں کی مذمت کی، ہم مذہبی یا عقیدے کی آزادی سمیت انسانی حقوق کے مسائل پرسینئر سطح پر انگیج رہتے ہیں، ہم بھارت کو انسانی حقوق کے احترام کو فروغ دینے کی ترغیب دیتے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ نئی پاکستانی حکومت کے نمائندوں سے ملنے کے چند مواقع ملے ہیں اور گزشتہ ماہ بلنکن بلاول ملاقات میں پہلی بار اچھی اور تعمیری بات چیت ہوئی۔ نیڈپرائس کا کہنا تھا کہ ہرملک ماسکو کیساتھ مختلف تعلقات رکھتا ہے اور دیگر ممالک ماسکوکے ساتھ اپنے تعلقات کو نئی شکل دیتے ہیں، یہ بتدریج عمل ہے، روس کے ساتھ بھارت کے تعلقات کئی دہائیوں کے دوران استوار ہوئے، روس سے تیل کی خریداری پربھارتی شراکت داروں سے متعدد بات چیت کی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ہمیں نئی پاکستانی حکومت کے نمائندوں سے ملنے کے چند مواقع ملے ہیں، گزشتہ ماہ بلنکن کوپاکستانی ہم منصب سے ملنے کا موقع ملا، پہلی بار یہ بہت اچھی اور تعمیری بات چیت تھی، ملاقات میں غذائی تحفظ کے مسئلے سمیت تمام مسائل پربات ہوئی۔نیڈ پرائس نے مزید کہا کہ پاکستان ہمارا شراکت دار ہے، ہم اس شراکت داری کو آگے بڑھانے کے طریقے تلاش کریں گے۔امریکہ میں متعین سفیر پاکستان مسعود خان نے امریکی معاون وزیر خارجہ عذرا زیا سے ملاقات کی جس میں پاکستان امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔جمعہ کو انڈر سیکرٹری نے سفیر پاکستان کا گرم جوشی سے استقبال کیا جس میں دونوں فریقین نے مختلف شعبوں میں تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔امریکی انڈر سیکرٹری عذرا زیا نے اپنی ٹویٹ میں سفیر پاکستان مسعود خان سے تعمیری بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے افغان نقل مکانی کے عمل اور پناہ گزینوں کے لیے پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔عذرا زیانے کہاکہ امریکہ پاکستان کے ساتھ قریبی شراکت داری کا خواہاں ہے۔سفیر پاکستان مسعود خان نے امریکی انڈر سیکرٹری کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دونوں فریقین پاک امریکہ تعلقات کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط استوار کرنے کیلئے بات چیت اور تعاون جاری رکھیں گے،ملاقات میں سفیر مسعود خان نے انڈر سیکرٹری عذرا زیا کا دورہ پاکستان پر شکریہ ادا کیا۔