• news

فیٹف پلان ہم نے مکمل ، بھارت کو ناکام کیا ، گرے لسٹ سے نکلنے کی راہ ہموار کی: عمران خان ، شاہ محمود 

لاہور‘ اسلام آباد‘ ملتان (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے فیٹف پلان مکمل کیا اور پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کے بھارتی عزائم کو ناکام بنا کر گرے لسٹ سے نکلنے کی راہ ہموار کی۔ تفصیل کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے فیصلے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سلسلہ وار ٹویٹس میں سابق وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ پاکستان کو فروری 2018ء میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی طرف سے گرے لسٹنگ کے لئے نامزد کیا گیا تھا اور اس دوران سب سے چیلنجگ مرحلہ ایکشن پلان مکمل کرنا تھا‘ پی ٹی آئی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ہمیں ادارے کی طرف سے بلیک لسٹ کئے جانے کا شدید خطرہ تھا۔ میں نے اپنے سب سے اہم وزیر حماد اظہر کی سربراہی میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی۔ حماد اظہر‘ کمیٹی اور دیگر کام کرنے والے افسران نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پورے ملک کو آپ پر فخر ہے۔ سابق وزیراعظم نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ امید ہے ایف اے ٹی ایف ٹیم کا آن سائٹ وزٹ بھی کامیابی سے ہو جائے گا۔ ایک دوسرے ٹویٹ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ کرائم منسٹر اور ان کے  بدمعاشوں  کی منی لانڈرنگ اور کرپشن کو بچانے کیلئے گواہوں اور تفتیش کاروں کی اچانک موت پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ادھر نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کی تمام شرائط پر عمل ہو گیا اب گرے لسٹ میں رہنے کا کوئی جواز نہیں تھا۔ بھارت کی پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کرانے کی تمام کوششیں ناکام ہو گئیں۔ پاکستان اب گرے لسٹ میں نہیں رہے گا۔ گرے لسٹ سے نکلنے پر پاکستانی قوم کو مبارکباد۔ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کے آنے کے بعد لوگ مہنگائی سے چیخ رہے ہیں۔ ملکی معیشت کا پہیہ چلنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔ زرعی شعبہ تباہ ہو چکا ہے۔ بجلی اور گیس مہنگی ہونے سے پاور لومز انڈسٹری بحران کا شکار ہو چکی ہے۔ روپے کی قدر روز گر رہی ہے۔ حکمران معاشی صورتحال عوام کے سامنے بیان نہیں کر رہے۔ حکومت کے پاس معیشت کی بحالی کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ اقتدار مسلم لیگ ن کے گلے کا پھندا بن گیا ہے۔ ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد حل انتخابات ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن