اسلاموفوبیا : بی جے پی کے ریمارکس سے سنگین ماحول بن رہا ، مسائل گزشتہ حکومت سے ملے ، بلاول
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کی موجودہ حکومت ہندوتوا ایجنڈے پر سرگرم ہے۔ ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک کی خارجہ پالیسی جیو پولیٹیکل اثرات سے براہ راست متاثر ہو رہی ہے، ہم نے بطور قوم پاکستان کو بہترین پوزیشن میں لانا ہے۔ انہوں نے کہا اسلامو فوبیا اور اور بی جے پی لیڈروں کے حالیہ ریمارکس سے سنگین ماحول پیدا ہو رہا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات ہوتے تو شاید دونوں ممالک انتہائی اقدام نہ لیتے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو مسائل گزشتہ حکومت سے ملے جن سے نمٹنے کے لیے حکومت بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو سے علی حیدر گیلانی نے ملاقات کی۔ پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دریں اثناء ایک ٹویٹ میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ترک سفیر مصطفیٰ ہواگل سے ملاقات کر کے بہت خوشی ہوئی۔ سفیر نے پاک ترک تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے ساتویں اعلیٰ سطحی سٹرٹیجک کونسل کے کامیاب انعقاد کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اپنی دادی کی شدید علالت کی وجہ سے جمعہ کے روز کراچی پہنچ گئے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کے شیڈول میں لاہور کا دورہ تھا جہاں انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کرنی تھیں مگر دادی کی شدید علالت کی وجہ سے بلاول بھٹو زرداری نے اپنا لاہور کا دورہ منسوخ کر دیا اور کراچی روانہ ہوگئے۔