حکومت نے عوام کی امیدیں آئی ایم ایف کی بھینٹ چڑھادیں:عبدالرب
کامونکی(نمائندہ خصوصی)امپورٹڈ حکومت نے عوام کی امیدیں آئی ایم ایف کی بھینٹ چڑھادیں،اتحادی ظالم حکمرانوں کے روپ میں سامنے آئے ۔ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف سٹی کامونکی کے سابق صدر سیٹھ عبدالرب عدنان نے اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلط کردہ حکمرانوں نے مہنگائی کے بم گرا کر عوام کا جینا دشوار کر دیا ہے۔غریب عوام کے گھروں میں فاقے ہیں۔ حکومت جلد الیکشن کرائے تاکہ پاکستان میں صحیح معنوں میں عوامی نمائندے اقتدار میں آئیں اور ملک کی ترقی کیلئے کام کریں۔امپورٹڈحکمرانوں کوملک وقوم کی عزت اورتعمیروترقی سے کوئی دلچسپی نہیں، مہنگائی کے سونامی اورعفریت نے قوم کونگل لیا۔انہوں نے کہاکہ آٹے ودیگراشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ نا اہل حکومت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ روزانہ حکومت کی نا اہلی کا ایک نیا کارنامہ دیکھنے کو ملتا ہے، کبھی پتہ چلتا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے، کبھی بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافہ، کبھی روزمرہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ امپورٹڈ حکومت اپنے دور اقتدارمیں عوام کو مہنگائی،بے روزگاری،غربت،کرپشن،لوڈشیڈنگ کے سوا کچھ نہ دے سکی۔