• news

مہنگائی کا ذمہ دار لاڈلہ ، اگلی حکومت ہماری ، اب پنجاب ڈیرے : زرداری 

لاہور (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر، سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کرنے کا موقع ملا تو پاکستان کو 110 ڈگری بدلوں گا، وعدہ کرتا ہوں انشا اللہ آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہو گی، پورا شیئر لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز بلاول ہاؤس لاہور میںپی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے ملک اشرف بارا کی پیپلز پارٹی میں شمولیت اور پیپلز پارٹی لاہور ڈسٹرکٹ تھری و فور کے عہدیداروں و کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آصف علی زرداری نے ملک اشرف بارا کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی۔ ملک اشرف بارا لاہور کے حلقہ پی پی 161سے پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے تھے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ اب پنجاب میں بیٹھوں گا اور سب سے مل کر کام کروںگا۔ یہ کہنا کہ پنجاب اور گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی ختم ہو گئی ہے، سفید جھوٹ ہے۔ ہم نے اپنی سیاست کمزور کر کے پاکستان بچانے کی کوشش کی۔ انوکھے لاڈلے کی چار سالہ پالیسیوں کے باعث آج مہنگائی ہے۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ یہ ہماری کب سنتے ہیں، جب ضرورت پڑتی ہے تب سنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو بحریہ ٹاؤن آنے میں مشکل ہوتی ہے۔ میںگلبرگ شفٹ ہو رہا ہوں۔ ہم نے اب پنجاب میں بیٹھنا اور کارکنوں کو عزت دینی ہے۔ لوگوں کو پتہ چلنا چاہیے کہ پیپلزپارٹی کا صدر گلبرگ میں بیٹھا ہے۔ اشرف بارا کو پیپلزپارٹی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پررانا فاروق سعید، ثمینہ گھرکی، اسلم گل، اسرار الحق بٹ، چودھری اشرف، فیصل میر، حاجی عزیز الرحمن چن، افنان صادق بٹ، رانا جمیل منج، تنویر اشرف کائرہ، علامہ یوسف اعوان، صدر ڈسٹرکٹ تھری عاطف رفیق، امجد جٹ، حافظ غلام محی الدین، انجم بٹ، اشرف بارا، اسلم گڑا، نسیم صابر، مدثر شاکر، مانی پہلوان، صداقت شیروانی، ایڈون سہوترا، روبینہ سہیل بٹ، نادیہ شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔سابق صدر آصف علی زرداری گزشتہ رات لاہور سے نواب شاہ روانہ ہو گئے۔ وہ چند روز بعد دوبارہ لاہور آئیں گے اور سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن