فیول پرائس‘ بجلی 7 روپے 96 پیسے یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست
اسلام آباد (خبر نگار) سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست کردی ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے مطابق سی پی پی اے نے بجلی کی قیمت میں 7روپے 96پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دی ہے جو مئی کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائرکی گئی ہے۔نیپرا کے مطابق سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت 27جون کو ہوگی جب کہ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مئی میں فرنس آئل سے 8.80فیصد بجلی پیدا کی گئی اور فرنس آئل سے 33روپے 67پیسے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ مقامی گیس سے 10فیصد، درآمدی ایل این جی سے22.89فیصد اور پانی سے 24.50فیصد بجلی پیدا کی گئی۔مئی کے لیے ریفرنس لاگت 5روپے93پیسے فی یونٹ مقررتھی مگر سی پی پی اے کی جانب سے درخواست7روپے 96پیسے فی یونٹ کی دی گئی ہے۔