تنخواہوں میں نا انصافی پر ایف بی آر ملازمین سراپا احتجاج ، قلم چھوڑ ہڑتال کر دی
اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) تنخواہوں میں نا انصافی پر ایف بی آر کے ملازمین سراپا احتجاج بن گئے ۔ ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان ایف بی آر ملازمین کی تنخواہیں دیگر وفاقی ملازمین کے برابر کریں اورپرفارمنس الائونس کو فوری طور پر بحال کیا جائے ۔ گزشتہ روز ایف بی آر ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال کی اور دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں تنخواہوں اور الائونسیں میں فوری اضافہ کا مطالبہ کیا گیا۔ ایف بی آر ملازمین رہنماوں کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے ٹیکس جمع کرنے والے ادارے کے ملازمین اب بھی دیگر وفاقی ملازمین سے کم تنخواہ وصول کر رہے ہیں ۔ 2015 میں پرفارمنس الائونس کو ختم کر دیا گیا تھا مہنگائی کے اس دور میں حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پرفارمنس الائونس کو فور ی طور پر بحال کیا جائے اور ملازمین کو عمدہ کارکردگی پر بونس بھی دیا جائے ۔ ایف بی آر ملازمین کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو ایف بی آر میں روزانہ کی بنیاد پر قلم چھوڑ ہڑتال کرینگے اور احتجاج کرینگے ۔