تعمیراتی عمل میں مصروف ماہرین اور دیگر کارکنوں کو مکمل تحفظ دیاجائے گا، اسعد محمود
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز اسعد محمودنے گزشتہ شب بلوچستان میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے زیر تعمیرمنصوبہ زیارت ' کچ ہرنائی ۔ سنجاوی کے کنٹریکٹر کیمپ پر دہشتگردوں کے ہونے والے حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعمیراتی عمل میں مصروف انجینئرز ' ماہرین تعمیرات اور دیگر کارکنوں کو مکمل تحفظ دیاجائے گا ۔ ہم دہشتگردوں کے ان حملوں سے قطعا مرعوب نہیں ہوں گے ' بلوچستان کے جاری تعمیراتی و ترقیاتی منصوبوں کو بلا تاخیر مکمل کیا جائیگا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ شب مذکورہ تعمیراتی منصوبہ کے 42 ویں کلومیٹر روڈ پر واقع منصوبہ کے کنٹریکٹر عمر جان اینڈ کمپنی کے کیمپ آفس پر دہشتگردوں نے حملہ کر دیا اور وہاں موجود تعمیراتی مشینری کو آگ لگا دی ' دہشتگردوں کی تعداد 15 سے20 تک بتائی جاتی ہے 'اس حملہ کے نتیجہ میں کمپنی کا ایک ورکر شہید اور دو شدید زخمی ہو گئے جبکہ چار افراد تاحال لاپتہ ہیں' کمپنی کی جس مشینری کو نذر آتش کیا گیا اس میں دو بلڈوزر ' دو ڈمپراور دو پک اپ گاڑیاں شامل ہیں' دہشتگردوں کے اس حملہ کی اطلاع ملتے ہی این ایچ اے کے ممبر ویسٹ زون شاہد احسان اللہ اور این ایچ اے کی متعلقہ ٹیم نے مدد کیلئے ایف سی فورس سے فوری طور پر رابطہ کیا جس کے عملہ نے موقع پر پہنچ کر کنٹریکٹر سٹاف کو ریسکیو کیا۔ وفاقی وزیر مواصلا ت نے دہشتگردوں کے اس حملے پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعمیری عمل میں مصروف کنٹریکٹر کو یقین دلایا ہے کہ لاپتہ افراد کا جلد سراغ لگا لیا جائے گا جبکہ دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی انہوں نے تعمیراتی کمپنی کے شہید اور زخمی ورکرز کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد حملہ کے ملزموں کا سراغ لگا کر انہیں کڑی سزا دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشتگرد وں کی یہ مذموم کارروائیاں تعمیری عمل میں ہر گز رکاوٹیں نہیں ڈال سکیں گی ' بلوچستان کے تمام تعمیراتی منصوبوں پر برق رفتاری سے کام جاری رہے گا۔