بھارت پڑوسیوں کا حق جان لے ، کرکٹ سیریز ہونی چاہیے : جاوید میانداد
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان بھارت سیریز ہونی چاہیے۔ پاکستان نے کبھی کھیلنے سے انکار نہیں کیا۔ پاکستان اور بھارت پڑوسی ہیں۔ دونوں ملکوں کو پڑوسیوں کی طرح رہنا چاہیے۔ دونوں طرف لوگوں کے آپس میں گہرے تعلقات ہیں۔بھارت کو پیغام دیتا ہوں کہ پڑوسیوں کا حق سمجھ لے۔ جو ایک کرتا ہے وہی دوسرا کرتا ہے۔ اگر آج دونوں ملکوں میں چیزیں ایک جیسی ہو جائیں تو دونوں ملکوں کو فائدہ ہے۔پاکستان کو بھارت کی ضرورت نہیں لیکن پڑوسی ہونے کے ناطے تعلق بہتر ہونا چاہیے۔ دونوں طرف رہنے والوں کی زندگی ایک ہی ہے، مل کر رہنا چاہیے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو ایونٹ کا انتظار نہیں کرنا چاہیے۔ لڑکے ٹیم میں ہیں یا نہیں، وہ اپنی فٹنس اور پریکٹس پر توجہ دیں۔پاکستان کے پاس بہترین ٹیلنٹ موجود ہے۔ پاکستانی ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ملک کو توڑنے کی بات کرنے والے خود مصیبت میں گرفتار ہوں گے کیونکہ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام بنا ہے اور اس ملک کے بننے کا ایک مقصد ہے۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ ملک کو بہتر بنانے کیلئے کام کریں۔سیاست میں اختلاف کیا جائے لیکن تنقید برائے تنقید نہ کی جائے۔ جو بھی حکومت مینڈیٹ لے کر آئے اسے مدت پوری کرنی چاہیے۔ملک کو اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے۔ ایک مثبت سوچ کیساتھ چلنا ہوگا تاکہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔سابق وزیراعظم عمران خان کے ملک کے ٹوٹنے کے حوالے سے متنازعہ بیان پر جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ ’میرا ایمان ہے کہ انشا اللہ یہ ملک کبھی نہیں ٹوٹے گا۔اپنے گھر کو صاف کرنا ہمارے اپنے ہاتھ میں ہے۔ اگر ہم خود اپنے گھر صاف نہیں رکھیں گے تو کوئی دوسرا کیوں صاف رکھے گا۔ملک کا اچھا برا ہمارے ہاتھ میں ہے۔ اگر ہم اپنے نفع کو دیکھیں گے تو یہ کبھی بھی اچھا نہیں ہو سکے گا۔ جیسے اپنے گھر کو سنبھالتے ہیں اسی طرح ملک کو بھی سنبھالنا ہوگا۔