اسرائیل کو تسلیم کرنے کا حامی نہیں‘ بیان توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا: سلیم مانڈوی والا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر اور سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے یا تجارت کی حمایت نہیں کرتا، میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کو دیے گئے حالیہ انٹرویو پر آنے والے سخت ردعمل پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میری بات کا ہرگز مقصد یہ نہیں تھا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات بڑھائے جائیں یا تجارت شروع کی جائے۔ اسرائیل کو تسلیم کرنا پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے اس معاملے پر ملکی پیپلزپارٹی کا مؤقف بڑا واضح ہے۔ پارلیمان کے اندر بھی میرا موقف آن ریکارڈ ہے کہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کرنا چاہئے کیونکہ اسرائیل کے نہتے فلسطینیوں پر مظالم پوری دنیا کے سامنے ہیں اور ان مظالم پر عالمی دنیا کی خاموشی قابل تشویش ہے۔ قبل ازیں پی پی سینیٹر نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ پاکستان کے لوگ اسرائیل پر تنقید کرتے ہیں مگر ہمیں تعلقات کے حوالے سے اپنا ملکی مفاد دیکھنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں بھارت سمیت کسی بھی پڑوسی ملک سے تجارت یا بات چیت بند نہیں کرنی چاہیے، ایران اور افغانستان سے بھی تعلقات کو بہتر رکھنا چاہیے۔