• news

مشرف کی دوا پاکستان میں دستیاب نہیں‘ واپسی کیلئے رابطہ پر شکریہ: اہلخانہ  ڈاکٹروں نے سفر سے روک دیا

کراچی (نوائے وقت رپورٹ‘ آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل (ر) مشرف کے اہلخانہ نے کہا ہے کہ وطن واپسی کے لئے رابطہ کرنے پر سرکاری قیادت کے شکرگزار ہیں مگر پرویز مشرف کی دوا اور علاج کی سہولت پاکستان میں دستیاب نہیں ہے۔ سابق صدر کے اہل خانہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وطن واپسی اور سہولت فراہم کرنے پر سرکاری اور غیر سرکاری ذرائع کی طرف سے رابطہ کرنے پر شکرگزار ہیں۔ اہل خانہ نے کہاکہ پاکستان مشرف کا گھر ہے تاہم واپسی سے قبل اہم طبی‘ قانونی اور حفاظتی چیلنجز پر غور کر رہے ہیں۔ دریں اثناء پرویز مشرف کو ڈاکٹروں نے سفر کرنے سے منع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق پرویز مشرف اب جلد وطن واپس نہیں آئیں گے کیونکہ انہیں ڈاکٹروں نے سفر کرنے سے روک دیا ہے۔ سابق صدر کی طبیعت انتہائی ناساز ہے اور انہوں نے پاکستان منتقل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جس پر انہیں پاکستان لانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ پرویز مشرف کے پرنسپل سیکرٹری طارق عزیز کے مطابق پرویز مشرف وطن واپس آنا چاہتے ہیں لیکن ڈاکٹروں کی رائے آڑے آ گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن