• news

لیگی ، پی ٹی آئی گروپوں میں فائرنگ ،2 زخمی ، الیکشن کمشن نے انکوائری کا حکم دے دیا 

لاہور‘ اسلام آباد (نامہ نگار‘ نیوز رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ) جوہر ٹاؤن کے علاقے میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے دو گروپوں میں تصادم اور اندھا دھند فائرنگ ہوئی۔ جس سے علاقہ میدان جنگ بن گیا جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ پتھراؤ اور کرسیاں مارنے سے 3گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ توڑ پھوڑ اور فائرنگ سے علاقے میں شیدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ تحریک انصاف کے خالد گجر کے بیٹے سمیت 2افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ منحرف رکن نذیر چوہان نے ان کے دفتر پر حملہ کیا، فلیکسز پھاڑیں، فائرنگ سے خالد گجر کا بیٹا بھی شدید زخمی ہوگیا ہے۔ سابق ایم پی اے اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نذیر چوہان کا موقف ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے ان پر حملہ کیا، شدید فائرنگ کی اور گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچے تو سب ملزمان فرار ہوچکے تھے۔ زمین پر پڑے گولیوں کے خول  قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔ جبکہ عطا تارڑ نے کہا کہ کل کے پر تشدد واقعہ پر ایس ایچ او تھانہ جوہر ٹاؤن کو معطل کردیا گیا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ پنجاب نے کہا کہ ایس ایچ او جوہر ٹاؤن کو معطل کرنے کا حکم دیتا ہوں کیونکہ وہ امن و امان قائم کرنے میں ناکام رہے، متعلقہ ایس پی سے رپورٹ طلب کریں گے اسلحہ کی نمائش اور اس پر پابندی کی پاسداری کیوں نہیں کی گئی، نذیر چوہان پر جان لیوا حملہ ہوا۔ کسی امیدوار کو اسلحہ کی نمائش اور ساتھ لانے پر پابندی ہے، جس امیدوار کو زیادہ خطرہ ہوگا انہیں دو پولیس اہلکار گارڈ کے طور پر دئیے جائیں گے، جس طریقے سے فائرنگ ہوئی اور نذیر چوہان کی گاڑی کو چھلنی کیا گیا، جو بھی فائرنگ کے واقعہ میں ملوث ہوگا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ عطا تارڑ نے مزید کہا کہ جہاں جہاں ضمنی الیکشن ہے وہاں اسلحہ کی نمائش پر سخت پابندی ہوگی، پولیس افسران کی اندھا دھند پوسٹنگ کی گئیں جس کے ریٹ طے تھے جس کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں، امن و امان کی صورت بدترین مقام تک پہنچ چکی ہے، نذیر چوہان پر فائرنگ خالد گجر نے کی، سیٹیں گولیوں سے چھلنی ہو گئیں، خالد گجر کے بیٹے عادل کے سر پر چوٹ آئی جو کہ جناح ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ دوسری طرف صوبائی دارالحکومت لاہور میں انتخابی مہم کے دوران تشدد اور فائرنگ پر الیکشن کمیشن نے ایکشن لیتے ہوئے سی سی پی او کو واقعہ کی شفاف انکوائری کی ہدایت کردی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کو ہدایت دی کہ وہ آئی جی پنجاب سے رابطہ کریں، کسی سیاسی وابستگی کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر آئی جی پنجاب واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری یقینی بنائیں۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے آئی جی پنجاب کو واقعہ کی شفاف انکوائری کروا کر رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیشں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا الیکشن کے دنوں میں آئی جی پنجاب اور انتظامیہ گن کلچر، تشدد اور تخریب کار عناصر سے سختی سے نمٹے، اس حوالے سے زیرو ٹالیرنس پالیسی رکھے اور کسی قسم کی نرمی نہ برتے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔ دریں اثنا صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا ہے کہ تشدد اور فائرنگ کے واقعہ پر فوری اور غیرجانبدارانہ کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر 167-PP لاہور نے امیدواران کو نوٹس جاری کر دیئے۔ دونوں امیدواران شبیر گجر اور نذیر چوہان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور اسلحہ کے استعمال پر نوٹس جاری‘ آج 20 جون کو پیش ہونے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ مزید براں جوہر ٹاؤن پولیس نے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں تصادم کا مقدمہ اے ایس آئی امین کی مدعیت میں درج کر لیاہے ۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر میں حقائق چھپائے گئے، نذیر چوہان کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے میرا بیٹا معاذ گولی لگنے سے جبکہ گارڈ ڈنڈے لگنے سے زخمی ہوئے۔ نذیر چوہان کی جانب سے تھاانہ جوہر ٹائون میں مقدمہ کے لئے درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما خالد گجر کا کہنا ہے کہ نذیر چوہان ہمارے آفس کے سامنے آکر فلیکس اتار رہا تھا، ہمارے ورکرز کو گاڑی ماری، میرے بیٹے عادل کو زخمی کیا۔ اپنے زخمی کارکنوں کا میڈیکل کرا رہے ہیں جبکہ پولیس ہمارا مقدمہ درج نہیں کر رہی ہے۔ پولیس نے دونوں فریقین کی جانب سے درخواست موصول ہونے کے بعد اپنی مدعیت میں ہی مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس نے شبیر گجر گروپ کے دس افراد جبکہ نذیر چوہان گروپ کے 6 افراد گرفتار کر لئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چودھری نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کی الیکشن مہم میں ضابطہ اخلاق پر سختی سے بلاامتیاز عملدرآمد کرایا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن