• news

توڑپھوڑ کیس: شیخ رشید‘ اسد عمر‘ شاہ محمود سمیت متعدد پی ٹی آئی رہنمائوں کی ضمانت منظور


اسلام آباد (وقائع نگار) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کامران بشارت نے تحریک انصاف مارچ کے دوران توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کیس میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور پی ٹی آئی رہنمائوں اسد عمر‘ شاہ محمود قریشی‘ شہریار آفریدی‘ قاسم سوری‘ راجہ خرم نواز‘ علی نواز اعوان سمیت دیگر کی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے تھانہ آئی نائن‘ گولڑہ اور ترنول میں درج مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کر دی۔ ملزموں کے وکیل بابر اعوان کی جانب سے بحث مکمل ہونے پر انتظار ایڈووکیٹ نے دلائل میں کہا کہ یہ مقدمہ سیاسی طورپر بنایا گیا۔ پی ٹی آئی کے رہنما اپنا احجاج ریکارڈ کرانے آئے۔ احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آپ ان مقدمات میں شامل تفتیش ہو جائیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ابھی عدالت میں کون کون سے ملزم پیش ہوئے ہیں جس پر وکیل نے بتایا کہ قاسم خان سوری اور شہریار آفریدی عدالت میں موجود ہیں۔ عدالت نے ملزموں سے کہا کہ آپ کی حاضری لگ گئی ہے۔ آپ بے شک چلے جائیں۔ دوران سماعت تھانہ کوہسار میں درج مقدمے کے مدعی راجہ سبطین خان عدالت میں پیش ہوئے اور استدعا کی کہ میں نے وکالت نامہ دینا ہے۔ عدالت نے کہا کہ آپ تو پچھلی تاریخ کو بھی آئے تھے۔ ابھی تک وکالت نامہ نہیں دیا جس پر مدعی مقدمہ نے کہا کہ ہائیکورٹ کے کیسز لگے ہیں۔ ادھر مصروف تھا ادھر تو سارے ملزم پیش ہی نہیں ہو رہے۔ عدالت میں ہی ملزم شامل تفتیش ہورہے ہیں۔ عدالت نے مدعی مقدمہ کو ہدات کی کہ آپ اپنا کام کریں۔ ہمیں اپنا کام کرنے دیں۔ سب ملزم پیش ہو رہے ہی۔ عدالت نے عدالتی عملہ کو ہدایت کی کہ تھانہ کوہسار کے مقدمہ نمبر 425 میں دو چار دن کی تاریخ دیدیں۔ بعد ازاں علی محمد خان اور مراد کی درخواست ضمانت پر عدالت نے تھانہ آئی نائن‘ گولڑہ اور ترنول کے تفتیشی آفیسرز کو طلب کر لیا اور وکیل کو ہدایت کی کہ علی محمد خان اور مراد سعید ابھی شامل تفتیش ہوکر عدالت کو آگاہ کر یں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کس کس ملزم کی حاضری نہں ہوئی جس ر عدالتی عملہ نے بتایا کہ شیخ رشید اور پرویز خٹک کی ابھی تک حاضری نہی ہو سکی۔ اس دوران شیخ رشید احمد اور پرویز خٹک بھی پیش ہو گئے۔ دوران سماعت مراد سعید نے عدالت میں بولنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے خلاف سازش ہوئی۔ سپیکر نے سپریم کورٹ کو مراسلہ بھیج دیا ہے۔ ہم نے اپنا آئینی اورجمہوری حق استعمال کیا۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر نے شیخ رشید‘ اسد قیصر کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے توہین مذہب کیسز میں پی ٹی آئی رہنمائوں کی دیگر درخواستوں کے ساتھ یکجا کرنے کی ہدایت کردی۔ سابق وفاقی وزیر کے بھائی عمر امین گنڈاپور کے وکیل نے حفاظتی ضمانت کی درخواست واپس لے لی۔

ای پیپر-دی نیشن