انتخابی بے ضابطگی‘ مصطفی کمال 22‘ نذیر چوہان‘ شبیر احمد 23 جون کو الیکشن کمشن طلب
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن اجلاس میں کمشن نے متعلقہ امیدواروں نذیر احمد چوہان مسلم لیگ (ن) اور شبیر احمد پی ٹی آئی کو 23 جون 2022 کو الیکشن کمیشن طلب کرنے کا حکم دے دیا۔ الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوا۔ سپیشل سیکرٹری الیکشن کمشن نے پی پی 167 لاہور میں ہونے والے ناخوشگوار واقعہ جس میں مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کے ورکروں کے درمیان لڑائی اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور کئی افرا د زخمی ہوئے تھے‘ پر اب تک کی پیشرفت پر بریف کیا۔ کمشن نے سی سی پی او لاہور کو بھی 23 جون کو طلب کیا ہے کہ وہ اس کیس کی بابت اب تک کی پیشرفت اور ملزموں کے خلاف کارروائی سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کریں۔ مزید اس کیس میں متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کو بھی طلب کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے این اے 240 کورنگی کراچی میں ہونے والی بے ضابطگیوں کے سلسلے میں پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مسٹر مصطفی کمال کو 22جون 2022 کو طلب کیا تھا۔