بلدیاتی ، ضمنی انتخابات : الیکشن کمشن نے فوج سے سکیورٹی مانگ لی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے بلدیاتی اور ضمنی انتخابات کے لئے فوج سے سکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مراسلہ بھیج دیا، جس میں سندھ بلدیاتی انتخابات، پنجاب کے 20 حلقوں، این اے 245 کراچی، پی کے 7 سوات کے ضمنی انتخابات کے لئے سکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ مراسلہ میں چیف الیکشن کمشنر نے گزشتہ انتخابات میں پاک فوج کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات سمیت ضمنی و بلدیاتی میں انتہائی حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر پاک فوج نے مثالی کردار ادا کیا، حالیہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان بلدیاتی انتخابات میں بھی پاک فوج نے سکیورٹی کی خدمات احسن طریقے سر انجام دیں۔ سندھ بلدیاتی کا مرحلہ 26 جون‘ پی کے 7 سوات میں ضمنی الیکشن 26 جون اور پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخابات 17 جولائی کو شیڈول ہیں‘ سندھ بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 24 جولائی اور این اے 245 کراچی میں 27 جولائی کو ضمنی انتخابات شیڈول ہیں۔