• news

ضمنی الیکشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے: آئی جی 


لاہور(نامہ نگار)آئی جی پنجاب پولیس انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہاکہ صوبہ بھر میں ضمنی انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔جن جن اضلاع میں ضمنی انتخابات ہورہے ہیں وہاں فیلڈ افسران خصوصی توجہ دیں اور نقص امن کی سرگرمیوں میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ قانون ہاتھ میں لینے والے افراد کا تعلق کسی بھی پارٹی سے ہو بلا امتیاز کارروائی یقینی بنائی جائے اورامن و امان کی فضا کو کسی صورت خراب نہ ہونے دیا جائے۔یہ ہدایات انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں آر پی اوز، ڈی پی اوز کے ویڈیو لنک پرہنگامی اجلاس کی صدارت کے دوران افسرا ن کو ہدایات دیتے ہوئے کیا۔ راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی کہ غیر قانونی اسلحہ کی نمائش، استعمال اور کاروبار میں ملوث ڈیلرز کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے اور خلاف قانون سرگرمیوں میں ملوث ڈیلرزاور اسلحہ ہولڈرز کے لائسنس معطل کروائے جائیں۔ میرٹ سے ہٹ کر کام کرنے والے پولیس افسران کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے گا، تمام افسران اپنے اختیارات شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے پر استعمال کریں۔چند اضلاع سے بچوں اور خواتین سے زیادتی اور تشدد کے کیسز رپورٹ ہونے پر اظہار تشویش کیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ بچوں اور خواتین پر تشدد، ہراسگی اور زیادتی کے واقعات پر پولیس ایکشن میں کوئی تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ فیلڈ افسران تعلیمی اداروں، مدارس، مساجد اور اہم پبلک مقامات میں بچوں اور خواتین سے متعلقہ جرائم کی روک تھام بارے آگاہی مہم چلائیں۔ صوبہ بھر میں غیر ملکی باشندوں بالخصوص چینی شہریوں کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نجی کاروباری مقاصد کیلئے آنیو الے چینی شہریوں، ماہرین اور کاروباری شخصیات کی سکیورٹی کیلئے ٹھوس اقداما ت کئے جائیں اور سکیورٹی انتظامات کے دوران ان کی رہائش گاہوں، دفاتر اور ورکنگ سائٹس کی سکیورٹی کو بھی مد نظر رکھا جائے۔ آئی جی پنجاب نے سپیشل برانچ اور انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی بیوروکو پولیس افسران کی کارکردگی کی خفیہ رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ تمام فیلڈ اور کمانڈ افسران کی مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن