• news

پاکستان کیساتھ تجارت کے فروغ کیلئے اچھے اقدامات اٹھائے گئے

کراچی (کامرس رپورٹر) ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان نے پاکستان کیساتھ دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کیلئے دسمبر 2022 ء میں کراچی میں سنگل کنٹری نمائش منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کیساتھ تجارت کے فروغ کیلئے حال ہی میں اچھے اقدامات اٹھائے گئے ، جن میں دو کراسنگ بارڈرز کا افتتاح، تجارتی روابط بڑھانے اور ایک دوسرے کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بارڈر مارکیٹس کھولنے کی منظوری بھی شامل ہے۔بارٹر ٹریڈ پر اتفاق گزشتہ سال اس وقت کے وزیر تجارت عبدالرزاق داؤد کے دورہ ایران کے موقع پر ہوا اور یہ آئندہ دو ماہ میں عملی طور پر شروع ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے دورے کے موقع پر ممبران سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایرن کے کمرشل قونصل حسین امینی، سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا، صدر عبدالرشید، سینئر نائب صدر سعود محمود، نائب صدر محمد کامران عربی، سابق صدور مجید عزیز اور عبدالہادی، سلیم ناگریا، ریاض الدین، عبدالقادر بلوانی، خالد ریاض، توصیف احمد، محمد ریاض ڈھیڈھی، نوید واحد، محمد حسین موسانی، حارث شکور و دیگر موجود تھے۔ایرانی قونصل جنرل نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ دورہ اور ایران کیساتھ باہمی تجارت کو فروغ دینے کی کوششوں پر سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرشید کی خدمات کو سراہا ۔ زبیر موتی والا نے کہا کہ بارٹر ٹریڈ جزوی طور پر سرکاری ہونی چاہیے جہاں ضامن سرکاری فریق ہوں جو بزنس ٹو بزنس رابطے پر کیا جانا چاہیے ۔جس کے تحت پاکستان خام دھات درآمد اور ٹیکسٹائل یا چاول بھیج سکتا ہے کیونکہ اقوام متحدہ کی پابندیوں کے تحت ایران کیلئے خوراک کی درآمد پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ صدر عبدالرشید نے ایرانی قونصل جنرل کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان ٹیکسٹائل جیسے کئی شعبوں میں دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے۔

ای پیپر-دی نیشن