عثمان بزدار کی ضمانت کنفرم کرنے کی استدعا مسترد: بھائی‘ رشتہ داروں کی گرفتاری کیلئے چھاپے
ڈیرہ غازیخان‘ ملتان(بیورو رپورٹ‘ سپیشل رپورٹر)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے بھائی اور رشتہ داروں کی گرفتاری کے لیے اینٹی کرپشن ڈی جی خان کے چھاپے جاری ہیں۔ ہائیکورٹ ملتان بنچ نے سابق وزیراعلیٰ کی ضمانت کنفرم کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ اینٹی کرپشن کی ٹیم نے ڈیرہ غازی خان اور تونسہ میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے گھروں میں ریڈ کئے۔ تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بہاولپور ہائی کورٹ بنچ سے عبوری ضمانت کرا رکھی ہے۔دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کے جج جسٹس سید شہباز علی رضوی نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے بھائیوں اور رشتے داروں کی اینٹی کرپشن کی جانب سے درج اراضی الاٹمنٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے مقدمہ میں 27 جون تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی ہے۔ عدالت عالیہ نے ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے اور مقدمہ میں شامل تفتیش ہونے کا بھی حکم دیا ہے۔ اس موقع پر کونسل نے ضمانت کنفرم کرنے کی استدعا کی تو عدالت نے کہا کہ قانون سیاسی اور غیر سیاسی افراد کے لیے یکساں ہے۔ کیس کی سماعت کے دوران عدالت عالیہ نے ریمارکس دیئے کہ بے شک کوئی سیاسی شخصیت ہو یا عام آدمی امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔ سماعت کے دوران وکیل نے بحث کی کہ عدالت عالیہ کو ضمانت کنفرم کرنے کا اختیار ہے۔ مگر عدالت عالیہ نے جواب دیا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے۔