• news

وزیر اعظم ، انکی ٹیم نے دیوالیہ ہونے سے بچا یا ، عمران اور اہلیہ کو کرپشن کا حساب دینا ہو گا : بلاول


لاڑکانہ (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے سبسڈی کے نام پر گیم کھیلی، وزیراعظم شہباز شریف اوران کی ٹیم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ عمران نیازی نے ملک کونقصان پہنچایا اور وہ آج آزاد پھر رہا ہے، میں سمجھتا ہوں اس شخص سے حساب لینا چاہیے۔ پیپلز پارٹی کے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یوم پیدائش کے موقع پر لاڑکانہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ شہید محترمہ ملک کے لیے30سال جدوجہد کرتی رہی، بینظیر نے جمہوریت کی بحالی کے لیے جدوجہد کی، میری والدہ ہر ظالم اور ہر آمر سے ٹکرائی۔ محترمہ شہید ملک کے غریب عوام کی آواز تھی، بے نظیر کو شہید کرنے والے سمجھ رہے تھے پیپلزپارٹی ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کل بھی شہید محترمہ زندہ تھی اور آج بھی جیالوں کی صورت میں زندہ ہے، جیالوں نے پہلے دن سے سلیکٹڈ کے خلاف جدوجہد کا آغاز کیا تھا۔ ہم نے کہا تھا سلیکٹڈ کو نکالیں گے لیکن غیر جمہوری راستہ نہیں اپنائیں گے، ہم نے جمہوری اور آئینی ہتھیار استعمال کرکے اسے باہر پھینکا، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ اٹھارویں ترامیم، بے نظیرانکم سپورٹ، آئینی حقوق پرحملہ کرتا رہا، اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر آئینی طریقے سے حکومت کو ختم کیا، اقتدار سنبھالا تو پتا چلا ملک کو کتنا نقصان پہنچایا گیا، پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل کوپڑھا تو پتا چلا عوام کے ساتھ مذاق کیا گیا، عمران خان نے ان فنڈز سبسڈی کے نام پر گیم کھیلی، سبسڈی کی وجہ سے اتنا نقصان اٹھایا ڈیفالٹ ہونے کا خدشہ تھا، وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان کو چارسال میں معاشی نقصان پہنچایا گیا، ہماری خارجہ پالیسی کا نعرہ ہے ہم تجارت چاہتے ہیں بھیک نہیں مانگیں گے، اگر ہم نے امریکا سے بات کی تو تجارت پر بات کی، فیٹف کے حوالے سے پاکستان کو کامیابی حاصل ہوئی، فیٹف کی وجہ سے پاکستان پر کئی پابندیاں تھیں، انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کی محنت کی وجہ سے پاکستان کو پہلی بارجی ایس پی پلس کا سٹیٹس ملا، عمران خان کی خارجہ پالیسی، انا کی وجہ سے جی ایس پی پلس سٹیٹس خطرے میں ہے، پاکستان دنیا میں تنہا کھڑا تھا، پی ٹی آئی چیئرمین کی وجہ سے پاکستان کے ادارے متنازع ہو چکے تھے، عمران نیازی نے ملک کو نقصان پہنچایا اور وہ آج آزاد پھر رہا ہے، عام آدمی اس کے کیے کا بوجھ اٹھا رہا ہے، میں سمجھتا ہوں اس شخص سے حساب لینا چاہیے، اس سے پوچھنا چاہیے کہاں ہے تبدیلی، آج ان کے خلاف کرپشن کے کیسزنکل رہے ہیں، ثابت ہوگیا عمران خان کا کرپشن کا نعرہ سو فیصد جھوٹ تھا، عمران خان نے توشہ خانہ خالی کر دیا تھا، وزیرخارجہ نے کہا کہ عمران خان نے ایک کمپنی بنائی جہاں کِک بیکس جاتی تھی، عمران خان کو عدالت، نیب میں کمپنی اور تحفوں کا جواب دینا ہو گا، اب جواب نہیں ہے تو عوام کو ورغلا رہا ہے، انہوں نے کہا جی ایس پی پلس پر جلد خوشخبری ملے گی۔ عمران اور انکی اہلیہ کو کرپشن کا جواب دینا ہو گا۔ مزید براں بلاول نے کہا ہے کہ دہشت گردوں‘ آمروں اور بزدلوں نے میری والدہ کو قتل کیا ہے۔ وزیر خارجہ نے اپنی والدہ اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی 69 ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں یاد کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ بلاول نے ٹویٹر پر لکھا کہ سال کے طویل ترین دن‘ ہم شہید بے نظیر بھٹو کو انکی 69 ویں سالگرہ کے موقع پر یاد کر رہے ہیں‘ انہوں نے جمہوریت کی بحالی‘ غریبوں کی معاشی آزادی اور اسلام کے پرامن پیغام کے لئے 30 سال تک جدوجہد کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن