پاکستان کے تمام مسا ئل کا حل شین سے مضبوط را بطوں میں ہے : زرداری
لاہور (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے زیراہتمام سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو شہید کی گزشتہ روز 69 ویں سالگرہ کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا اور کیک کاٹے گئے۔ صوبائی دارالحکومت میں سالگرہ کی تقریب مخدوم ہاؤس لاہور میں ہوئی۔ مہمان خصوصی سینئر صوبائی وزیر پنجاب سید حسن مرتضی تھے۔ صوبائی وزیر سید حیدر گیلانی، رکن صوبائی اسمبلی پنجاب مخدوم سید عثمان محمود، غضنفر خان لنگا، شازیہ عابد، عبدالقادر شاہین، شگفتہ چوہدری، محمد سلیم مغل سمیت دیگر عہدیداروں‘ کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سینئر صوبائی وزیر پنجاب سید حسن مرتضی نے کہا کہ بی بی شہید نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے پاکستان میں جمہوریت کو فعال کیا۔ ملک پاکستان کی عوام ان کی قیمتی جان کی مقروض ہے۔ سیاست میں بی بی شہید کا خلاء کبھی پر نہیں ہو گا۔ صوبائی وزیر سید حیدر گیلانی کہا کہ پیپلز پارٹی شہید بینظیر بھٹو کے خواب کی تکمیل کرتے ہوئے ملک سے جہالت، شدت پسندی اور عدم برداشت کے رویوں کو شکست دے گی۔ رکن صوبائی اسمبلی پنجاب مخدوم سید عثمان محمود نے کہا بی بی شہید نے اپنے والد ذوالفقار علی بھٹو کا عہد نبھاتے ہوئے جان قربان کر دی، بے شک بینظیر بھٹو مسلم امہ کی نامور اور قابل خاتون تھیں، ان کی سالگرہ کے موقع پر بی بی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ عبدالقادر شاہین نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے فلسفے پر عمل کرکے غریب دوست معیشت کو لیکر آگے بڑھیں۔ تقریب میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور زندہ ہے بی بی، زندہ ہے کے نعرے بھی لگائے گئے۔ علاوہ ازیں سالگرہ پر پیپلز پارٹی لاہور کے زیر اہتمام برکت مارکیٹ، گارڈن ٹاؤن لاہور میںچودھری اسلم گل کی صدارت میں تقریب ہوئی اور کیک کاٹا گیا جبکہ پیپلز پارٹی وویمن ونگ لاہور کے زیر اہتمام ڈی ایچ اے کے مقامی ہوٹل میں کیک کاٹنے کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ شہزاد سعید چیمہ، آصف بشیر بھاگٹ، ثمینہ گھرکی، نرگس فیض ملک، نرگس خان، عقیلہ یوسف، اسلم گل، ناصرہ شوکت، صغیرہ اسلام، رانا جمیل منج، امجد جٹ، انجم بٹ، حافظ غلام محی الدین، عاطف رفیق، شاہد عباس، زاہد ذوالفقار، نوید چودھری، صداقت شیروانی، سبط حسن، جنید ڈوگر، سیف رندھاوا، ملک اسجد، منصور کٹاریہ، صداقت صدو، ناصر مہدی، شہر یار خان اور دیگر بھی موجود تھے۔
لاہور (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے چیئرمین، سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل چین کے ساتھ مضبوط رابطوں میں مضمر ہے۔ اگر اللہ تعالی نے مجھے موقع دیا تو پاکستان کے تمام غیر استعمال شدہ وسائل کو بروئے کار لا کر اس کے ثمرات ہر پاکستانی تک پہنچائیں گے۔ آصف علی زرداری نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز بلاول ہاؤس بحریہ ٹاؤن لاہور میں منعقد بینظیر بھٹو شہید کی 69ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ میں نے چودہ سال جیل میں وقت ضائع نہیں کیا بلکہ کتابیں پڑھیں، تعلیم حاصل کی، تاریخ کا علم حاصل کیا۔ جیل میں سوچتا رہا، پڑھتا رہا، انقلابات اور مختلف معاشروں پر علم حاصل کیا۔ اپنی روح اور ذہن کو مضبوط کیا۔ پارٹی میں نوجوانوں کو آگے لانے کی ضرورت ہے۔ جب ضیاء الحق کے دور میں سینئر لیڈروں نے شہید بینظیر بھٹو کا ساتھ چھوڑ دیا تو اس وقت بی بی شہید نے پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں نوجوانوں کو شامل کیا۔ میں نوجوان نسل سے کہوں گا کہ وہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی دو کتابیں ڈاٹر آف دی ایسٹ (Daughter of the East) اور ری کنسلئیشن (Reconciliation) ضرور پڑھیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ میں نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سے بہت کچھ سیکھا۔ اس موقع پر دیگر رہنما بھی موجود تھے۔