نیب تر میم کو اسی ہفتے سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے: عمران
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹرسے) سابق وزیراعظم عمران خان نے نیب ترامیم کو چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔ عمران خان نے کہا ہے کہ نیب ترامیم کو سپریم کورٹ میں اسی ہفتے چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اگر ملک کو ترقی کرنا ہے تو انصاف کی حکمرانی ضروری ہے۔ اسمبلی میں جو کچھ ہوا ہے وہ ملک کے ساتھ مذاق تھا۔ توہین کی گئی۔ بڑے مجرموں کو قانون کے نیچے لانے تک پاکستان آگے نہیں بڑھے گا۔ امید ہے عدالتیں نیب ترامیم کا نوٹس لیں گی۔ نیب میں ترامیم ملک کی توہین ہے‘ اس بے شرمی پر انہیں جیل میں ڈالنا چاہئے۔ یہ حکومت آئی ہی اسی مقصد کیلئے ہے۔ خرم دستگیر نے کہا عمران خان سو جج رکھ کر ہمیں جیل میں ڈالنے آیا تھا۔ آصف زرداری‘ نواز شریف اور مریم بھی مقدمات سے بچ جائیں گے۔ آصف زرداری اور شہباز شریف کے اربوں روپے جعلی اکاؤنٹ میں آئے۔ او منی گروپ آصف زرداری سے متعلق تھا۔ نئی ترامیم میں آمدن سے زائد اثاثے ثابت کرنے کا بوجھ نیب پر ڈال گیا ہے۔ میری آمدنی اگر 100 روپے ہے اور اثاثے 200 روپے ہیں تو مجھے بتانا پڑے گا۔ دنیا میں وائٹ کالر کرائم پکڑنا بہت مشکل ہے۔ لندن میں چار فلیٹس کی اصل مالک مریم نواز تھیں۔ برٹش ورجن کا لیٹر اب قابل قبول نہیں ہو گا۔ منی لانڈرنگ کے کیسز نیب سے نکال کر اب ایف آئی اے کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔ نیب اور ایف آئی اے نئے قوانین کے تحت وزیر داخلہ کے ماتحت ہو جائے گی۔ جعلی اکاؤنٹ میں آنے والا پیسہ اب نیب کو ثابت کرنا ہو گا۔ ترامیم کے تحت اجازت دی جا رہی ہے کوئی بے نامی جائیداد بنائے تو کوئی پوچھ نہیں سکتا۔ منی لانڈرنگ کے تمام کیس نیب کے دائرے سے نکل جائیں گے۔ ان لوگوں نے ایف اے ٹی ایف قانون سازی کے وقت پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کیا۔ حدیبیہ پیپرز ملز کا کیس شریف فیملی کیخلاف اوپن اینڈ شٹ کیس تھا۔ انہوں نے ہر موقع پر بلیک میل کیا کہ این آر او دے دوں۔ مشرف کے این آر او میں بھی امریکہ کا ہاتھ تھا۔ زرداری نے سوئٹزرلینڈ میں پڑے 60 ملین ڈالر ہضم کئے۔ سوئس عدالتوں میں کیس جیتے تو اس رقم کیلئے خط بھی نہیں لکھا گیا۔ نیب ترامیم سے 11 سو ارب روپے یہ لوگ کھا جائیں گے‘ نواز شریف اور ان کی بیٹی پاک صاف ہو کر نکل جائیں گے۔ ہم تو پوری طرح ان کیخلاف لڑیں گے۔ ان کا مسئلہ اہلیت اور مہنگائی کا نہیں تھا۔ چوری کے پیسے بچانا تھا۔ یہ ترامیم چوری کا لائسنس ہے۔ جن جن لوگوں نے ان کو ہم پر مسلط کیا تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔