• news

شاہ عالم مارکیٹ :  2 گروپوں کے درمیان تصادم، پتھراؤ، ایس ایچ او سمیت5 افراد زخمی


لاہور(نامہ نگار)شاہ عالم مارکیٹ میں دو گروپوں کے درمیان لڑائی جھگڑے اور تصادم کے دوران پتھراؤ کے نتیجے میںایس ایچ او سمیت 5افراد زخمی ہو گئے ، حملہ آوروں نے سرکاری پولیس گاڑی بھی توڑ دی۔پولیس نے مقامی تاجروں سمیت 2 سوافراد کے خلاف تین مقدمات درج کرلئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق شاہ عالم مارکیٹ میں دو گروپوں کے درمیان تصادم کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پانے کی کوشش کی اس دوران مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ۔جس کے نتیجے میں ایس ایچ او موچی گیٹ شیخ عدنان، ڈرائیور بابر ، کانسٹیبل اعظم ، کانسٹیبل شیراز اور شہیل نامی شخص زخمی ہو گیا جبکہ اس موقع پرمشتعل ہجوم نے پولیس گاڑی کی سرکاری گاڑی کو بھی ڈنڈے اور پتھر مار مار کر توڑ دیا ۔واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین کو منتشر کر کے زخمیوں کو  طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔ پولیس کے مطابق تھانہ موچی گیٹ میں اس واقعہ کے دو مقدمات پولیس کی اور ایک مقدمہ شہری کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے ۔جس میں کار سرکار میں مداخلت ، لڑائی جھگڑا ، ناجائز اسلحہ اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن