• news

عوام ہماری طرف دیکھ رہے، امید وں پر پورا اتر نا ہے، حمزہ: سعودی وفد کی ملاقات 


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز شریف کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس  میں صوبائی وزرائ، مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے اراکین پنجاب اسمبلی نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے پر پورا فوکس کیا گیا ہے۔ عوام ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، ہم نے عوام کی امیدوں پر پورا اترنا ہے۔ 3 ماہ تک پنجاب میں جان بوجھ کر آئینی بحران پیدا کیا گیا۔ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود پنجاب کے عوام کو سستے آٹے کی فراہمی پر 200ارب روپے کی سبسڈی دی۔ ارادے نیک اور سمت درست ہو تو اللہ تعالٰی کی مدد بھی شامل حال ہوتی ہے۔ مشکلات آتی رہتی ہیں اور اللہ تعالٰی ان مشکلات میں آسانیاں پیدا کرتے ہیں۔ آپ میری ٹیم ہیں اور میرے دروازے آپ سب کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں۔ بجٹ کی منظوری کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ نے سینیٹر نزہت صادق کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔  دوسری جانب حمزہ شہباز شریف سے فیڈریشن آف سعودی چیمبرز کے تجارتی وفد نے فہد الباش کی قیادت میں ملاقات کی۔ سعودی وفد نے پنجاب میں زراعت، سوشل سیکٹر، لائیو سٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا  پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے  سازگار ماحول ہے اور وقت آگیا ہے کہ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو پائیدار معاشی شراکت داری میں بدلیں۔ چولستان میں صحرا کی ہزاروں ایکڑ اراضی کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نخلستان میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اکنامک پارنٹر شپ کے فروغ سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کریں گے۔ سعودی عرب پاکستان کا بہترین قابل اعتماد دوست ہے۔ سعودی عرب نے آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ سعودی وفد کے سربراہ نے کہا کہ پنجاب میں زراعت‘ لائیو سٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن