ریسکیوگوجرانوالہ ،گجرات کے اہلکاروں کی سیلاب سے نمٹنے کیلئے فرضی مشقیں
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) ریسکیو 1122 گوجرانوالہ اور گجرات نے سیلاب جیسی آفت سے نبرد آزما ہونے کیلئے دریائے چناب پر چناب ٹول پلازہ کے مقام پرمشترکہ فرضی مشق کی۔ اس موقع پرگوجرانوالہ اور گجرات کی ضلعی انتظامیہ کے افسروں اور خاص طور پرڈپٹی کمشنر گجرات کیپٹن ریٹائرڈ رانا رضوان قدیر اورایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ حسین احمد رضا چوہدری نے تمام کیمپس ، ریسکیو اینڈ ریلیف کیلئے استعمال ہونے والے آلات کا معائنہ کیا ،ریسکیو1122گوجرانوالہ کی طرف سے لگائے جانے والے کیمپس میں رجسٹریشن پوائنٹ، میڈیکل کیمپ، انسڈنٹ کمانڈ پوسٹ اور سیلاب میں استعمال ہونے والے سازوسامان شامل ہیں اور محکمہ ریونیو، ہیلتھ، ایجوکیشن، سول ڈیفنس، لائیو سٹاک، زراعت، ریڈ کریسنٹ، انہار، واسا،ضلع کونسل اوردیگر محکموں کی جانب سے بھی ریلیف کیمپس لگائے گئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ حسین احمد رضا چوہدری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ضلعی انتظامیہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو1122 کی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔