پی سی بی کے بورڈ آف گورنرزکا اجلاس آج طلب
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرزکا اجلاس آج طلب کر لیا گیا، اجلاس میں نئے مالی سال کے مجوزہ بجٹ کی منظوری لی جانے کا امکان ہے۔ چیئرمین رمیز راجہ کی صدارت میں نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے، اجلاس میں نئے مالی سال کے مجوزہ بجٹ کی منظوری لی جائے گی۔اجلاس کے دوران سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کیساتھ قومی کرکٹ ٹیم کی پرفارمنس اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی بریفنگ اور مشاورت ہوگی۔ذرائع کے مطابق بورڈ آف گورنرز کی طرف سے بجٹ کی منظوری کے بعد قومی کرکٹرز کے نئے سنٹرل کنٹریکٹ کا بھی اعلان کردیا جائے گا، معاوضوں میں 30 فیصد اضافے کیساتھ ریڈ اور وائٹ بال کھیلنے والے کرکٹرز کو الگ الگ کیٹیگریز میں کنٹریکٹ دیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں بورڈ کے سالانہ جنرل کونسل اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر بھی شرکاء کو اعتماد میں لیا جائیگا۔