• news

دورہ سری لنکا ، قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان ، یاسر شاہ ، محمد نواز کی واپسی


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے دورہ سری لنکا کیلئے 18 رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ لیگ سپنر یاسر شاہ کی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔دونوں ٹیموں کے مابین سری لنکا میں کھیلی گئی آخری ٹیسٹ سیریز میں یاسر شاہ نے24 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو 1-2 سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیاتھا۔یاسر شاہ نے آخری مرتبہ اگست 2021 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔مکمل فٹنس حاصل کرنے والے یاسر شاہ کے علاوہ سلمان علی آغا کی بھی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں واپسی ہوئی۔ انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 4224 رنز بنانے کیساتھ ساتھ 88 وکٹیں بھی حاصل کررکھی ہیں۔انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ سے باہر ہونے والے محمد نواز کو دورہ سری لنکا کے لیے دوبارہ قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔انگلش کائونٹی میں شاندار کارکردگی کی وجہ سے شان مسعود کو بھی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔اٹھارہ رکنی قومی ٹیسٹ سکواڈ میں تین اوپنرز، چار مڈل آرڈر بیٹرز، تین آل راؤنڈرز، دو وکٹ کیپرز، دو سپنرزاور چار فاسٹ باؤلرز شامل ہیں۔اعلان کردہ قومی ٹیسٹ سکواڈ:بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (نائب کپتان، وکٹ کیپر)، عبداللہ شفیق، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ۔چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ سری لنکا کی کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے قومی ٹیسٹ سکواڈ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یاسر شاہ کی شمولیت سے ہمارا سپن اٹیک مضبوط ہوا ہے، جنہوں نے پاکستان کے آخری دورہ سری لنکا میں بھی میچ ونر کا کردار ادا کیا تھا۔انہیں ساجد خان کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ نعمان علی پہلے ہی قومی ٹیسٹ سکواڈ کا حصہ ہیں۔ سکواڈ میں شامل ہونے والے دوسرے کھلاڑی سلمان علی آغا گزشتہ تین سیزنز سے مستقل قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، وہ ایک مؤثر آف سپنر بھی ہیں۔ آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے نتائج آئیڈیل نہیں تھے تاہم بنگلہ دیش کیخلاف کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم نے مہمان ٹیم کیخلاف بھی بہتر کرکٹ کھیلی تھی جس کی وجہ سے انہوں نے سکواڈ میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کیں۔سپورٹس سٹاف:منصور رانا (منیجر)، ثقلین مشتاق (ہیڈ کوچ)، شاہد اسلم (اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ)، محمد یوسف (بیٹنگ کوچ)، شان ٹیٹ (باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ)، کلف ڈیکن (فزیو تھراپسٹ)، ڈریکس سائمن (اسٹرینتھ اور کنڈیشنگ کوچ) کوچ، احسن افتخار ناگی (میڈیا اینڈ ڈیجیٹل کنٹینٹ منیجر)، کرنل (ر) محمد مکرم (سیکیورٹی منیجر)، ڈاکٹر محمد خرم سرور (ٹیم ڈاکٹر)، طلحہ اعجاز (اینالسٹ ) اور ملنگ علی (مساجر) شامل ہیں ۔ 

ای پیپر-دی نیشن