دوسرا ایفا ، فریگیٹ پی این ایس تیمور پاک بحریہ میں شامل
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) پاک بحریہ کے جہاز تیمور کی کمشننگ تقریب کا انعقاد چین کے ہوڈونگ ژہنگوا شپ یارڈ میں ہوا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب میں چین میں پاکستان نیوی مشن کے سربراہ کموڈور راشد محمود شیخ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پی این ایس تیمور پاکستان نیوی کے لیے تعمیر کیے جانے والے چار ٹائپ 054 فریگیٹس میں سے دوسراجہاز ہے۔ پی این ایس تیمور تکنیکی لحاظ سے ایک جدید اور انتہائی مؤثر جہاز ہے جو جدید ٹیکنالوجی کے ہتھیار، سینسرز، حربی نظام اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹم کے ساتھ ساتھ کثیرالجہتی خطرات کے ماحول میں لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ پی این ایس تیمور کی شمولیت سے ملکی سمندری سرحدوں کے دفاع کو مضبوط بنانے میں پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے چینی کمپنیوں اور چینی بحریہ کی جانب سے جدید ہتھیاروں سے لیس فریگیٹ کی بروقت فراہمی کے لیے کی جانے والی مشترکہ کاوشوں کو بھی سراہا۔ بعد ازاں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ملٹری پراڈکٹ ڈیپارٹمنٹ چائنہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نئے چیلنجز سے مل کر نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی خطے میں امن و استحکام کا ستون ہے۔ تقریب میں چینی بحریہ کے اعلیٰ حکام، چئیرمین CSTC، چئیرمین ہوڈنگ ژنگوا شپ یارڈ اور چین میں پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق دوسرا 054 ایلفا فریگیٹ پی این ایس تیمور پاک بحریہ میں شامل ہو گیا۔ ترجمان نیوی کے مطابق فریگیٹ پاک بحریہ کیلئے چین میں تیار کیا گیا۔