گیارہ ٹول پلازہ ختم ، جرائم میں اضافہ پر وزیراعلی کی تشویش
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلی حمزہ شہباز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے چوتھے اجلاس میں عوام کی سہولت کیلئے 11 ٹول پلازہ کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے 11 ٹول پلازوں کو ختم کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیر اعلیٰ نے قیدیوں کی سہولت کے لئے پرزن وینز کو ہوا دار بنانے کی ہدایت کی۔ کابینہ اجلاس میں گندم کی ریلیز پالیسی میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب کابینہ نے گندم ریلیز پالیسی میں دو ماہ توسیع کی منظوری، کابینہ کمیٹی برائے گندم تشکیل دینے کی منظوری بھی دی گئی۔ صوبائی وزیر خوراک کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ کابینہ کے اجلاس میں پراونشنل اسمبلی آف دی پنجاب استحقاق بل 2022 پراونشنل اسمبلی آف دی پنجاب سیکرٹریٹ سروس بل 2022 کی منظوری دی گئی۔ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد اشرف طاہر کے کنٹریکٹ میں کارکردگی کی بنا پر توسیع کی منظوری بھی دی گئی۔ کابینہ نے پولیس کے لئے آپریشنل گاڑیاں خریدنے کے فیصلے کی توثیق کر دی گئی۔ حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ فرانزک ماہرین کی استعداد کار بڑھانے اور تربیت کے خصوصی پروگرام شروع کیا جائے۔ کابینہ نے پنجاب اسمبلی سے نئے مالی سال 2022-23 کے بجٹ کی منظوری پر سیاسی و انتظامی ٹیم کو مبارکباد دی۔ علاوہ ازیں حمزہ شہباز نے سابق صدر زرداری کی والدہ اور بلاول بھٹو کی دادی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ حمزہ شہباز نے ڈاکٹر فاروق ستار کی والدہ کے انتقال پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ نے لاہور سمیت دیگر شہروں میں جرائم میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کا حکم دیا ہے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث ملزموں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔ پولیس میں اچھے افسر لگائے ہیں۔ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کے حوالے سے نتائج سامنے آنے چاہئیں۔ سٹریٹ کرائمز کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس کو انتہائی فعال انداز میں فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔ پولیس میں جزا و سزا کا موثر نظام وضع کرنا ہوگا۔ کرائم کا گراف کم کرنے والے پولیس افسروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ خراب کارکردگی پر پولیس افسروں سے جوابدہی ہوگی۔ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں ملوث ملزموں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔