• news

پی سی بی گورننگ بورڈ اجلاس ، قومی کرکٹرز کے نئے سنٹرل کنٹریکٹ منظور 

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ نے قومی کھلاڑیوں کیلئے ریڈ اور وائٹ کیٹگری میں نئے سنٹرل کنٹریکٹ دینے کی منظوری دیدی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا اجلاس نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں چیئرمین رمیز راجہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں نئے پراجیکٹ کے ساتھ مالی سال کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔گورننگ بورڈ کا اجلاس چار گھنٹے تک جاری تھا جس میں پاکستان کرکٹ کے اہم معاملات کا جائزہ لیاگیا اور قومی مینز اور ویمنز ٹیموں کی کارکردگی رپورٹ اجلاس میں پیش کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران گورننگ بورڈ نے قومی ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے قومی کھلاڑیوں کیلئے ریڈ اور وائٹ کیٹگری میں نئے سنٹرل کنٹریکٹ کو منظور کرلیا۔ذرائع نے بتایا کہ بورڈ ارکان نے طوبیٰ حسن کی کارکردگی سمیت قومی ٹیم کی پرفارمنس کو سراہنے کے ساتھ ویمنز ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ملازمین کی تنخواہوں میں پندرہ فیصد اضافہ کی اطلاعات ہیں۔اجلاس میں چیئرمین پی سی بی، چیف ایگزیکٹو اور چیف فنانشل آفیسر نے اپنی رپورٹ پیش کی اور آسٹریلیا و ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے دورہ پاکستان پر بورڈ ارکان کو بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹوفیصل حسنین، چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے شرکت کی جبکہ ملک اسدعلی خان ،عاصم واجد، عالیہ ظفر ،عارف سعید اور جاوید قریشی بھی اجلاس میں شریک تھے۔چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ آج  تفصیلات پیش کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن