لدھیوالہ وڑائچ :احساس سہولت سنٹر کے باہر سایہ نہ پانی،خواتین گرمی سے نڈھال
لدھیوالہ وڑائچ(نمائندہ نوائے وقت)احساس سہولت سینٹر لدھیوالہ وڑائچ میں سینکڑوں خواتین شدید گرمی میں سڑک کنارے گھنٹوں خوار ہونے لگیں نہ پینے کے لئے پانی کی سہولت نہ کرسیوں کی عملہ بھی بدتمیزی کرنے لگا۔ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق لدھیوالہ وڑائچ میں احساس سہولت سینٹر میں حکومت کی جانب سے ملنے والی دو ہزار روپے کی امدادی رقم لینے کے لئے آنے والی سینکڑوں خواتین کو شدید گرمی میں کھلے آسمان تلے حا فظ آباد روڈ پر سڑک کنارے گھنٹوں کھڑا کیا جاتا ہے۔سہولت سینٹر کی انتظامیہ کی جانب سے نہ نہ تو سایہ کا بندوبست کیا گیا ہے اور نہ ہی پینے کے لئے پانی اور بیٹھنے کے لئے کرسیوں کا بندوبست ہے۔خواتین نے ‘‘میڈیا ‘‘کو بتایا کہ سہولت سینٹر کا عملہ بدتمیزی کرتا ہے۔ اور کئی کئی گھنٹے گھڑا رکھنے کے بعد کل آنے کا کہ دیا جاتا ہے۔سینکڑوں خواتین نے سہولت سینٹر کے عملہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سائرہ عمر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔