• news

وزیراعظم کا 100 میگاواٹ ٹرانسمیشن لائن کا سنگ بنیاد ، ماہی گیروں کو 2 ہزار انجن دینے کا اعلان 

اسلام آباد+کوئٹہ (نمائندہ خصوصی +بیورو رپورٹ) وزیر اعظم شہباز شریف نے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور انڈس ہسپتال کے درمیان گوادر میں 100 بستروں پر مشتمل بین الاقوامی معیار کے ہسپتال کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی سرپرستی کی۔ گوادر میں بین الاقوامی معیار کا یہ ہسپتال مقامی لوگوں کو علاج و معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کرے گا۔ ہسپتال کی جلد تکمیل کے بعد اس کا انتظام انڈس ہسپتال سنبھالے گا۔ ہسپتال کی تکمیل کے بعد گوادر کے لوگوں کو علاج معالجے کیلئے بڑے شہروں میں جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ترقی کیلئے تمام صوبوں اور علاقوں کو ساتھ لیکر چلنا ہو گا، بیرونی قرضوں پر انحصار کی بجائے زراعت، صنعت سمیت مختلف شعبوں میں خود کفالت حاصل کرنا ہو گی، چین سمیت دوست ممالک سرمایہ کاری کے ذریعے ہماری ترقی اور خوشحالی میں حصہ ڈال رہے ہیں، عوام غیر ملکی سرمایہ کاری کے محافظ بنیں، غیر ملکی باشندوں کی سلامتی ہمیں اپنی جان سے بڑھ کر بھی عزیز ہونی چاہئے، دشمن بعض لوگوں کو آلہ کار بنا کر انہیں نشانہ بناتا ہے، پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کیلئے سب سے زیادہ 100 ارب کی رقم مختص کی گئی ہے ، گوادر میں ماہی گیروں کو کشتیوں کے لئے دو ہزار انجن فراہم کئے جائیں گے، ان کیلئے 200 ایکڑ پر مشتمل کالونی بنائی جائے گی، یونیورسٹی کی تعمیر جلد مکمل کی جائے گی، پینے کے پانی کا مسئلہ حل کیا جائے گا، ایران سے 100 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کا معاہدہ ہو گیا ہے۔ وزیراعظم نے ٹرانسمیشن لائن کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ وہ جمعہ کو گوادر کے دورے کے دوران بزنس سینٹر میں مقامی ماہی گیروں سے ملاقات کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔  وزیراعظم نے کہا کہ ان کا ڈیڑھ ماہ کے اندر گوادر کا یہ دوسرا دورہ ہے جس کا مقصد گوادر کے ماہی گیروں اور باسیوں کے مسائل کا حل نکالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک گوادر اور عوام کے بنیادی مسائل حل نہ ہوں اور ضروریات پوری نہ ہوں اور ان کا اطمینان نہ ہو تب تک ترقی کا عمل بے معنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کی بندرگاہ بلوچستان کے عوام کیلئے ترقی و خوشحالی کا انقلاب لائے گی لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ گوادر اور اس کے قرب و جوار اور صوبے کے عوام کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک گوادر اور بلوچستان کے عوام کے مسائل حل نہ کر لیں، مقامی آبادی کی شرکت کے بغیر ترقی کے ثمرات حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ وزیراعظم نے گوادر کے ماہی گیروں کی کشتیوں کیلئے 2 ہزار انجن فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت کی مشاورت سے شفاف طریقہ سے یہ عمل مکمل کیا جائے گا اور پیپرا رولز کی پاسداری کرتے ہوئے تین ماہ کے اندر انجنوں کی ترسیل کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم شہبازشریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے درمیان گزشتہ روز ملاقات ہوئی۔ سیاسی صورتحال اور بلوچستان کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن