• news

پاک بحریہ سرخدوں کا دفاع کرنے والی مضبوط فورس ، اس کی تاریخ قربانیون سے بھری پڑی : آرمی چیف 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کو پاکستان نیوی وار کالج (PNWA)  لاہور میں 51ویں پاکستان نیوی سٹاف کورس کی تقریب میں شرکت کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملکی تاریخ پاک بحریہ کی قوم کے لئے خدمات سے بھری پڑی ہے۔  شرکاء سے خطاب میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے جیوسٹرٹیجک ماحول، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور جوابی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ آرمی چیف نے قومی سلامتی کے چیلنجوں سے مہارت سے نمٹنے میں مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ کی تاریخ بہادری اور قربانیوں کی شاندار روایات سے بھری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ ملک کی بحری سرحدوں کا دفاع کرنے والی ایک مضبوط فورس ہے اور ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اتری ہے۔ آرمی چیف نے پاک بحریہ کی معیاری تربیت کو بھی سراہا۔ تقریب میں پاکستان کی مسلح افواج اور دوست ممالک کے افسران نے بھی شرکت کی۔ قبل ازیں پاکستان نیوی وار کالج پہنچنے پر کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل شفاعت علی خان نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ آرمی چیف نے شہداء پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

ای پیپر-دی نیشن