• news

سپر ٹیکس ، سٹاک مارکیٹ 1665 پوائنٹس گر گئی ، 230 ارب روپے کا نقصان ، روپیہ مستحکم ، سونا پھر مہنگا 

کراچی (کامرس رپورٹر) وزیراعظم کی طرف سے بڑی صنعتوں پر سپر ٹیکس عائد کئے جانے کے بعد سٹاک مارکیٹ شدید مندے کا شکار ہو گئی۔ کے ایس ای 100 انڈکس 1665.18 پوائنٹس کمی کیساتھ 41051.79 پوائنٹس پر بند ہوا جس سے سرمایہ کاروں کو 230 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ دوسری طرف ڈالر اور سونے کی قیمت پھر بڑھ گئی ہے۔ تفصیل کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ مں کاروبار کے آغاز کے بعد 2 گھنٹے تک مارکیٹ ہموار رہی۔ تاہم ساڑھے گیارہ بجے کے بعد وزیراعظم کے سپر ٹیکس کے اعلان کے بعد انڈیکس میں ایک ہزار 598 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ دوپہر بارہ بجے کے قریب انڈیکس 2 ہزار 161 سے زائد پوائنٹس گر گیا تھا۔ جس کے باعث کاروبار کو معطل کر دیا گیا۔ سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی کے بعد اتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا۔ کاروبار کے اختتام کے موقع پر 1665.18 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 41051.79 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 3.9 فیصد کی تنزلی ریکارڈ کی گئی جبکہ 21 کروڑ 6 لاکھ 48 ہزار 617 شیئرز کا لین دین ہوا۔ بدترین مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو اڑھائی سو ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ معاشی ماہرین کے مطابق حکومت تمام بڑی صنعتوں پر 10 فیصد سپر ٹیکس لگا رہی ہے۔ سرمایہ کاروں کا ٹیکس 55 فیصد سے بڑھ جائے گا۔ ٹیکس کی یہ شرح نہ صرف خطے میں بلکہ دنیا میں سب سے زیادہ ہے اور پاکستان کی تاریخ میں بھی بلند ترین شرح ٹیکس ہے۔ سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 900 روپے اضافے سے ایک لاکھ 41 ہزار 600 روپے ہو گئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت 772 روپے اضافے سے 121400 روپے ہو گئی ہے۔ جبکہ عالمی صرافہ بازار میں سونے کا بھاؤ 7 ڈالر کم ہو کر 1824 ڈالر فی اونس ہے۔انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر208روپے کی سطح پر مستحکم رہی تاہم یورو اور برطانوی پونڈ مہنگا ہوگیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے  مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید207.50 روپے اور قیمت فروخت 208 روپے پر برقرار رہی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت خرید 207 روپے اور ویمت فروخت208 روپے پر مستحکم رہی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 1روپے کا اضافہ ہوا جس سے یوروکی قیمت خرید 215 روپے سے بڑھ کر216 روپے اور قیمت فروخت218 روپے سے بڑھ کر219 روپے ہو گئی اسی طرح 2.50 روپے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت خرید 250روپے سے بڑھ کر252.50 روپے اور قیمت فروخت 253 روپے سے بڑھ کر 255.50 روپے پر جا پہنچی۔

ای پیپر-دی نیشن