• news

کوہ پیما شہرو زکاشف کی سیکرٹری سپورٹس اسد اللہ فیض سے ملاقات

لاہور(سپورٹس رپوٹر)سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اسد اللہ فیض سے سپورٹس بورڈ پنجاب کے خیرسگالی کے سفیر اور بین الاقوامی کوہ پیما شہروز کاشف نے پنجاب سٹیڈیم میں ملاقات کی،اس موقع پر شہروز کاشف کے والد بھی موجود تھے،سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرزپنجاب اسد اللہ فیض کی جانب سے شہروز کاشف کی اگلی مہم جوئی کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا گیا، انہوں نے کہا کہ شہروز کاشف کچھ روز میں نانگا پربت، گیشربرم 1 اور گیشربرم2 سر کرنے کے مشن پر روانہ ہورہے ہیں، ان کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں، شہروز کاشف ماؤنٹ ایورسٹ، کے2 سر کرنے والے دنیا کے کم عمر ترین کوہ پیماہ ہیں اور انہوں نے دنیا کی 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے اب تک 7 سر کرلی ہیں،کوہ پیمائی کیلئے ہمت، محنت، حوصلہ اور جوش کی ضرورت ہوتی ہے،سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اسد اللہ فیض نے کہا ہے کہ شہروز کاشف نڈر اور بہادر نوجوان ہے،دنیا کی بلند ترین چوٹیوں پر پاکستان کا پرچم بلند کرنا قابل داد ہے،محکمہ سپورٹس شہروز کاشف کی حوصلہ افزائی کیلئے ہرممکن تعاون کرے گا۔نجی شعبے کے ساتھ مل کر کھلاڑیوں کی فلاح کے پروگرام مرتب کریں گے،کوہ پیماشہروز کاشف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ دنیا کی تمام بڑی چوٹیاں سرکریں گے، تعاون پر یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اسد اللہ فیض سے پلڈاٹ کے وفد نے بھی ملاقات کی،وفد میں پلڈاٹ کے ٹیکنیکل ایڈوائزر فہیم خان اور آمنہ شامل تھے،اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن بھی موجود تھے، پلڈاٹ وفد نے سیکرٹری سپورٹس پنجاب اسد اللہ فیض سے یوتھ کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا،سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اسد اللہ فیض نے وفد کو بتایا کہ نوجوانوں کی رہنمائی کے لئے مختلف پروگرام شروع کئے ہیں جس سے ان کو رہنمائی مل رہی ہے، اسلام آباد میں 28جون کو ہونیوالی یوتھ کوآرڈینیشن میٹنگ میں شرکت کریں گے جس میں نوجوانوں کے امور پر غورکیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن