• news

خواتین ، اقلیتوں ، کمزوروں کا تحفظ ترجیح ، حمزہ : یورپی یونین وفد کی ملاقات 

لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف نے یورپی یونین جائزہ مشن کے خدشات کا ازالہ کیا اور تمام کنونشنز پر مکمل عمل کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف نے  یورپی یونین جائزہ مشن کے سربراہ  کو آگاہ کیا کہ خواتین ، اقلیتوں اور دیگر کمزور طبقات کے حقوق کا تحفظ  ان کی ترجیح ہے۔ پہلے بھی وزیراعظم  شہباز شریف کے وزارت اعلیٰ کے دور میں کمزور طبقات کو مساوی حقوق کی فراہمی کے لیے بھرپور کام کیا گیا، اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر ختم کرکے 85 ہزار بچوں کو سکول داخل کرایا گیا، مفت تعلیم کے ساتھ ماہانہ وظائف فراہم کئے گئے۔ خواتین، اقلیتوں اور کمزور طبقات  کا تحفظ ان کی حکومتی ترجیحات میں  شامل ہے۔  نئے بلدیاتی نظام کا بل پنجاب اسمبلی سے منظور ہو چکا ہے۔لوکل گورنمنٹس کے نئے نظام میں خواتین، اقلیتوں اوریوتھ کے لئے مخصوص نشستوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ پنجاب میں خواتین اور اقلیتوں کو بااختیار بنانے کے لئے ہمارے سابقہ دور میں ضروری قانون سازی کی گئی ہے۔ یورپی یونین کے ممبر ممالک کے ساتھ تجارت کو  مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ حمزہ شہباز سے یورپی یونین جی ایس پی پلس کے جائزہ مشن کے سربراہ گوس ہوٹن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں جی ایس پی پلس سے متعلق مختلف  کنونشنز پر عمل درآمد کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن