• news

وجاہت کی باتیں بے ہودہ، گجرات میں جواب دونگا: شجاعت حسین 

لاہور (نیٹ نیوز) چوہدری شجاعت حسین  نے اپنے چھوٹے بھائی چوہدری وجاہت حسین کی جانب سے نئی پارٹی بنانے کے اعلان اور  الزامات پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں کہا ہے کہ وجاہت حسین نے ہمارے گھر میں لوگوں سے چند باتیں کی ہیں، چوہدری وجاہت نے آصف زرداری سے متعلق الزام تراشی کی، میرے بیٹوں پر الزام لگایا کہ انہوں نے ڈالر مانگے، اگر  چوہدری وجاہت  نے یہ باتیں کی ہیں تو یہ نہایت بے ہودہ باتیں ہیں۔ میں نے اپنے بیٹوں کی ایسی تربیت نہیں کی،میرے کہنے پر میرے بچے فی الحال خاموش ہیں، میں نے اپنے بیٹوں کو  تلقین کی ہے کہ ہمیشہ سچ بولنا اور  وعدے کا پاس رکھنا، میرے کہنے پر ہی میرے بیٹوں نے شہباز شریف کو ووٹ دیا تھا، ہم نے کسی سے کوئی وزارت نہیں مانگی، آصف زرداری نے خود  آکر ہمیں مبارک باد دی تھی۔ وجاہت نے کہا کہ 30 جون تک ن لیگ سے اتحاد ختم نہ کیا تو وہ نئی جماعت بنا لیں گے، پاکستان میں پہلے بھی سینکڑوں پارٹیاں ہیں، ایک اور بن جائے تو کیا فرق پڑے گا۔ وجاہت نے کہا کہ طارق بشیر نے ہمارے خاندان کو تقسیم کردیا، طارق بشیر سے متعلق یہ بیان غیر اخلاقی اور جھوٹ پر مبنی ہے۔ چوہدری وجاہت نے الزام لگایا کہ میرے بیٹے مانگے تانگے کے وزیر ہیں، ان کا کوئی حلقہ نہیں، ان باتوں کا جواب گجرات والوں کے سامنے دوں گا اور بتاؤں گا کہ کس کا کون سا حلقہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن