• news

موسم میں بہتری کے باوجود بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری 

 سرگودھا؍ پاکپتن (نمائندہ نوائے وقت+  نمائندہ خصوصی+  نوائے وقت رپورٹ) موسم بہتر ہو جانے اور ڈیموں میں پانی بھر جانے کے باوجود لاہور، کراچی، سرگودھا، پاکپتن سمیت ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ  لوڈشیڈنگ میں اضافے سے عام شہریوں کے  معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔   دکانداروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے ان کا کاروبار تباہ ہو کر رہ گیا ہے شہریوں نے متعلقہ حکام اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لیے زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات کرے ۔ سرگودھا شہر اور گردونواح میں بھی ایک عرصہ سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ہر ایک گھنٹہ بعد ایک گھنٹہ کی لوڈشیڈنگ نے پورے نظام زندگی کو معطل کر کے رکھ دیا ہے۔ کاروباری افراد اور گھریلو خواتین کا کہنا ہے کہ حکومتی احکامات کے باوجود سرگودھا میں جاری بجلی اور سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ عوام کو جیتے جی مار دینے کے مترادف ہے۔ ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار میگا واٹ پر آ گیا ہے لیکن کراچی میں 4 سے 12  گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ جاری ہے دوسری جانب کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے شہر میں کہیں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی عدم ادائیگی اور بجلی چوری والے علاقوں میں شیڈول کی لوڈشیڈنگ جاری ہے وزیر مملکت مصدق ملک کا کہنا ہے کہ اضافی فرنس آئل منگوا رہے ہیں جولائی کے بعد سے توانائی کا بحرا کم ہونا شروع ہو گا۔
 لوڈ شیڈنگ

ای پیپر-دی نیشن