• news

پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں ، وزیراعظم 72 گھنٹے میں مہنگائی کم کریں : سراج الحق 

ملتان‘ شجاع آباد‘ بہاولپور‘ رحیم یار خان (سپیشل رپورٹر‘ بیورو رپورٹس‘ نمائندوں سے)  جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم 72 گھنٹے میں مہنگائی کم کریں۔پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں۔ مدینہ کی ریاست اور ایشین ٹائیگر کے نام پر قوم کو دھوکہ دیا گیا۔تینوں پارٹیوں نے کشمیر کو بیچا ،سودی نظام مسلط رکھا‘ جنوبی پنجاب کے عوام اور قبائل سے وعدہ خلافی کی۔مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کے لیے زندگی گزارنا دشوار ہو گیا ہے۔ کرپشن ناسور بن چکی اور احتساب کا کوئی نظام باقی نہیں رہا۔ اب ملک میں اسلامی نظام آئے گا۔ وہ ملتان ریلوے سٹیشن پر ٹرین مارچ کے پہلے روز کے اختتام پر اپنے استقبال کے لیے آئے ہوئے کارکنان سے خطاب کر رہے تھے۔ قبل ازیں امیرجماعت کی قیادت میں مہنگائی، کرپشن اور سودی معیشت کے خلاف رحیم یار خان سے ٹرین مارچ کا آغاز ہوا۔ عوام کی بڑی تعداد اور جماعت اسلامی کے ہزاروں کارکنان نے مارچ کے آغاز سے قبل امیر جماعت کا ریلوے سٹیشن پہنچنے پر نعروں کی گونج میں استقبال کیا۔ لیاقت بلوچ، ڈاکٹر معراج الہدیٰ، راؤ ظفر، ریلوے پریم یونین کے صدر شیخ محمد انور، خیر محمد تونیو سمیت دیگر قیادت بھی موجود تھی۔ ٹرین مارچ کے شرکاء کا گزشتہ روز رحیم یار خان سے ملتان تک جگہ جگہ پرتپاک استقبال ہوا۔ ٹرین مارچ کے پہلے روز کا اختتام ملتان میں ہوا جہاں امیر جماعت نے بڑے عوامی جلسہ سے خطاب کیا۔ رحیم یار خان سے ملتان تک سفر میں امیر جماعت نے لیاقت پور،خانپور،ڈیرہ نواب،بہاولپور سمہ سٹہ اور شجاع آباد کے ریلوے سٹیشنز پر اپنے استقبال کے لیے آئے ہوئے کارکنان سے بھی خطاب کیا۔ ٹرین مارچ کے شرکا اتوار کو ملتان سے لاہور پہنچیں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کے درمیان جھوٹ اور الزامات کا مقابلہ جاری ہے۔ حکمرانوں کی مفادات کے لیے جنگ میں عوام جل رہے ہیں اور ملک تباہ ہو رہا ہے۔ مہنگائی، کرپشن اور سودی نظام معیشت کے خلاف جدوجہد کا آغاز کر دیا، ملک کی آزادی اور خودمختاری کا سودا کرنے والوں کے خلاف جہاد میں عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ملک پر مسلط حکمرانوں نے ریلوے، سٹیل مل، پی آئی اے سمیت ہر قومی ادارے کو تباہ کر دیا۔رحیم یار خان ریلوے اسٹیشن پر اپنے افتتاحی خطاب میں انھوں نے کہا کہ پاکستان جل رہا ہے، معیشت کا سقوط اور ادارے برباد ہوچکے، مگر حکمران جماعتیں اب بھی سنجیدگی کا راستہ اپنانے سے گریزاں ہیں۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے مافیاز کو نوازا ہے۔  جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے مل کر جنوبی پنجاب کے عوام سے مذاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک کو جماعت اسلامی اللہ کا دیا گیا نظام نافذ کرکے ٹھیک کرے گی۔ قوم ہمارا ساتھ دے تاکہ بہتر پاکستان کی بنیاد رکھی جائے۔انہوں نے کہا کہ اللہ نے جماعت اسلامی کو موقع دیا تو ہم ملک کو کرپشن فری پاکستان بنائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن